کراچی ( خصوصی رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی کومخلص ‘اہل اور دیانت دار قیادت کی ضرورت ہے ‘ ملک کے سب سے بڑے اور ڈھائی کروڑ آبادی والے شہر کے مسائل بھی بے شمار ہیں ‘ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے کراچی کوہمیشہ نظر انداز کی اور بدقسمتی سے کراچی کی منتخب قیادت نے بھی عوام کو مایوس کیا‘ جماعت اسلامی کو شہر میں جب بھی موقع ملا عوام کی مثالی خدمت کی گئی اور تعمیر و ترقی کے جو کام عبدالستار افغانی اور نعمت اللہ خان ایڈوکیٹ کے دور میں ہوئے وہ کسی اوردور میںنہیں ہوئے ‘ ان خیالات کااظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں ضلع سوات کی تحصیل کبل کے ناظم حاجی رحمت علی کی قیادت میں مختلف پارٹیوں سے وابستہ بلدیاتی نمائندوںکے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ‘ وفد نے حافظ نعیم الرحمن اور جماعت اسلامی کے دیگر رہنمائوں سے ملاقات کی اور کراچی میں صفائی ستھرائی اوردیگر بلدیاتی مسائل اور مختلف امور پر تبالہ خیال کیا ‘ وفد میں تحصیل کونسلر ز ریاض احمد ‘نصر اللہ خان ‘ ڈاکٹر نصراللہ ‘رفیع اللہ ‘سراج احمد خان ‘ فضل رحیم ‘ جان زادہ اور دیگر شامل تھے۔