فائربریگیڈ کا ادارہ مکمل طورپر ناکام ہو گیا ہے:فردوس شمیم نقوی

Jan 14, 2018

کراچی(خصوصی رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ شہر میں بڑھتے ہوئے آتشزدگی کے واقعات پر قابو پانے میںفائربریگیڈ کاادارہ مکمل طورپر ناکام ہے۔ گزشتہ دنوں ناظم آباد‘ گلشن معمار اورسائٹ ایریا کی فیکٹریوں میں آگ لگنے کے واقعات پیش آئے جس میں فائربریگیڈ کے تاخیر سے پہنچنے اورپانی کی کمی کی وجہ سے فیکٹری مالکان کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔ فائربریگیڈ حکام کی لاپرواہی کی وجہ سے ماضی میں بھی شہریوں نے آتشزدگی کے واقعات میں بھاری نقصان اٹھایا ہے۔ یہ باتیں انہوں نے پارٹی سیکریٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ سے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہیں۔ فردوس شمیم نقوی نے مزید کہا کہ میئر کراچی اختیارات کا رونا رونے کے بجائے جو اختیارات ان کے پاس ہیں‘ ان کا استعمال کرتے ہوئے فائربریگیڈ کے محکمے میں اصلاحات لائیں۔ محکموں کی ناقص کارکردگی کی ایک اہم وجہ محکموں میں سیاسی بنیادوں پر بھرتیاں اور ملازمین کی غیرحاضری ہے ۔ ہم متعدد بار میئرکراچی کو اداروں میںنااہل عہدیداران اور گھوسٹ ملازمین کی نشاندہی کرچکے ہیں۔

مزیدخبریں