ؓبھارت ہمارا عزم آزمانا چاہتا ہے توآجائے : فوجی ترجمان

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بھارتی آرمی چیف کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کا بیان غیر ذمہ دارانہ اور بچگانہ ہے۔ پاک فوج ایک ذمہ دار ادارہ ہے ہم سمجھتے ہیں کہ آرمی چیف ایک ذمہ دار تقرری ہوتی ہے آرمی چیف فور سٹار عہدے کا افسر ہوتا ہے، ذمہ دار شخص کا غیر ذمہ دارانہ بیان افسوسناک ہے۔ جارحیت مسلط کرنے کی ان کی اپنی خواہش ہوسکتی ہے۔ بھارت ہمارا حوصلہ جاننا چاہتا ہے تو کوشش کرکے دیکھ لے، پاکستان کے پاس مستند جوہری صلاحیت موجود ہے۔ جوہری صلاحیت مشرقی سرحد پر خطرات سے نمٹنے کیلئے ہے۔ ہم پاکستان کے خلاف کسی بھی بھارتی مس ایڈونچر کا جواب دیں گے۔ اس قسم کے غیر دمہ دارانہ بیانات اہم عہدے والوں کو زیب نہیں دیتے۔ بھارت ہمارا عزم آزمانا چاہتا ہے تو آزما لے ، بھارت ہمارے عزم کو آزمانے کا خود نتیجہ دیکھے گا۔ جوہری ہتھیار کو چوائس نہیں، کم سے کم دفاعی صلاحیت کا ہتھیار سمجھتے ہیں۔ بھارتی آرمی چیف نے پاکستان کے جوہری پروگرام کو دھوکہ قرار دیا، بھارت ریاستی دہشت گردی کے ذریعے ہمیں نشانہ بنارہا ہے۔ بھارت ریاستی دہشت گردی میں بھی ناکام ہو چکا ہے۔ بھارت روایتی جنگ کے ذریعے ہم پر بھاری ہو سکتا تو اب تک ہو جاتا۔ دونوں جوہری ریاستوں کے درمیان جنگ کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ بھارت کو جو چیز روک رہی ہے وہ ہمارے قابل بھروسہ کم سے کم دفاعی صلاحیت ہے۔ واضح رہے کہ بھارتی آرمی چیف بپن راوت نے کہا تھا کہ حکومت اگر اجازت دے تو پاکستان کی سرحد پار کرکے کارروائی کر سکتے ہیں اور پاکستان کا ایٹمی پروگرام بھی دھوکہ ہے۔ دوسری طرف وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کا بیان انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے۔ بھارتی آرمی چیف کا بیان ان کے عہدے کے شایان شان نہیں۔ ان کا بیان جوہری تصادم کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ اگر بھارت کی یہی خواہش ہے تو وہ ہمارے عزم کو آزمالے۔ انشاء اللہ بھارتی آرمی چیف کے تمام شکوک و شبہات دور کردئیے جائینگے۔

فوجی ترجمان

ای پیپر دی نیشن