فاٹاکی محرومیوں کے خاتمہ کی بنیاد رکھ دی : نواز شریف

Jan 14, 2018

لاہور‘اسلام آباد(آئی این پی +نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعظم میاں محمدنواز شریف نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی مثالی ہے اس کو مزید مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں ، توانائی سمیت تمام سی پیک منصوبے بروقت مکمل کرنے کیلئے پر عزم ہیں ، سی پیک کی بنیاد نہ صرف پاکستان کیلئے بلکہ خطے میں گیم چینجر کے طور پر ثابت ہو رہی ہے جبکہ چینی سفیر یاو جنگ نے کہا کہ پاکستان اور چین آئرن فرینڈ ہیں ، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی بے مثال کامیابیوں کو تسلیم کرتے ہیں ، چین ہر قسم کی صورتحال میں ہمیشہ پاکستان کیساتھ کھڑا رہے گا ۔محمد نواز شریف سے انکی رہائش گاہ جاتی عمرہ پر ان سے چینی سفیر یاو جنگ نے ملاقات کی جس میں پاک چین تعلقات پر تبادلہ خیال اور سی پیک کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی اس موقع پر سابق وزیر اعظم نواز شریف نے چینی سفیر کی تعیناتی پر انہیں مبارکباد دی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔نوازشریف نے فاٹا تک اعلیٰ عدلیہ کی رسائی پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔ نوازشریف نے کہا کہ قبائل تو آئینی وقانونی اور جمہوری حقوق کی فراہمی کادور مبارک ہو۔ آئین پاکستان کے دائرے میں شمولیت سے فاٹا کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوا۔ فاٹا کی محرومیوں کے خاتمے کی بنیاد رکھ دی، ان کے زخموں پر مرہم رکھیں گے۔ سات دہائیوں تک فاٹا کے عوام ظلم کی چکی میں پستے رہے۔ قائداعظم کی جماعت تو یہ ظلم ختم کرنے کا اعزاز ملا۔ فاٹا عوام کے حقوق کی بحالی کے کارنامے پر تمام سیاسی جماعتوں‘ فریقین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ پاکستان کی تعمیر‘ خوشحالی‘ سلامتی قومی فرض ہے۔ سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، فاٹا سے کراچی تک پاکستان کو خوشحال‘ ترقی یافتہ‘ محفوظ دیکھنا سب سے بڑی آرزو ہے۔ ناانصافی کسی خطے کے عوام کے ساتھ ہو نوازشریف کو قبول نہیں۔ فاٹا سمیت پورے پاکستان سے کیے تمام وعدے پورے کر دکھائے۔ میری زندگی کا سکھ چین قوم کی ترقی اور خوشحالی ہے۔

نوازشریف

مزیدخبریں