لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عبدالسمیع خان نے آر پی اوز کو تمام اشتہاری ملزموں کی گرفتاری کا حکم دیدیا اور مقدمات کے چالان بروقت عدالتوں میں جمع کرانے کی ہدایت کردی ہے۔ جسٹس عبدالسمیع کی صدارت میں پنجاب کی انسداد دہشت گردی عدالتوں کے ججز کا اجلاس ہوا۔ دہشت گردی عدالتوں کی کارکردگی اور عدالتوں کو درپیش انتظامی امور زیربحث آئے۔ انسداد دہشت گردی گوجرانوالہ III (گجرات کیمپ) عدالت کے جج نے بتایا کہ جس جگہ عدالت قائم کی گئی ہے وہاں سکیورٹی کے مسائل ہیں۔ مزید براں انہوں نے عملے کی کمی اور دیگر انتظامی مسائل کی بھی نشاندہی کی۔ ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ نے ان مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ جسٹس عبدالسمیع خان نے صوبہ بھر کی انسداد دہشت گردی عدالتوں کودرپیش مسائل حل کرنے، ان عدالتوں کیلئے جوڈیشل کمپلیکس کے قیام اور عملے کی فراہمی کی ہدایات جاری کیں۔ جسٹس عبدالسمیع خان کل 15 جنوری کو گوجرانوالہ انسداد دہشت گردی (گجرات کیمپ) عدالت کا دورہ کریں گے اور متعلقہ عدالت کے جج ان کو بریفنگ دینگے۔