ہنگو(صباح نیوز) اورکزئی ایجنسی میں بھائی نے اپنے سگے بھائی کوفائرنگ کر کے قتل کر دیا ۔بھابی اوردس سالہ بھتیجی زخمی‘ملزم گرفتار‘ فائرنگ جائیداد کے تنازع پر کی گئی۔پولیٹیکل انتظامیہ اورکزئی نے تصدیق کر دی۔ تفصیلات کے مطابق پولیٹیکل حکام اورکزئی نے بتایا کہ لوئر اورکزئی ایجنسی کے علاقہ بر محمد خیل میں جائیداد کے دیرینہ تنازع پر گھر کے اندرتلخ کلامی چل رہی تھی کہ اسی دوران شفیق نامی شخص نے فائرنگ کر کے اپنے سگے بھائی نثار علی کو موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ فائرنگ سے ملزم شفیق کی بھابھی اور دس سالہ بھتیجی بھی زخمی ہو گئی جس کو فوری طور پر قریبی ہسپتال پہنچایا گیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے تا ہم پولیٹیکل انتظامیہ نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ خاندان میں جائیداد کے تنازع پرفائرنگ کی گئی۔ پولیٹیکل انتظامیہ نے موقع پر پہنچ کرملزم شفیق کو آلہ قتل سمیت گرفتارکر لیا۔
اورکزئی ایجنسی: جائیداد کے تنازعہ پر سگے بھائی کو قتل کردیا‘ بھابی اور بھتیجی زخمی
Jan 14, 2018