مظفر آباد (این این آئی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ ہندوستانی افواج کی جانب سے مقبوضہ وادی میں کشمیریوں پر زندگی تنگ کرنے ،ان کی نسل کشی اور عورتوں بچوں اور بوڑھوں کو جان بوجھ کر ٹارگٹ کرنے کے باوجود کشمیریوں کا جذبہ حریت پہلے سے زیادہ جوان ہے۔ مقبوضہ وادی میں حریت قائدین کی گرفتاریاں اور نظر بندی شخصی آزادیوں پر قدغن کشمیریوں کو ان کے حق خودارادیت سے دور نہیں رکھ سکتی۔راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر ہندوستانی افواج کے ہاتھوں عورتوں اور بچوں کی ٹارگٹ کلنگ شکست خوردہ افواج کی پست ذہنیت کی عکاس ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکمہ جات اور انتظامیہ کو اس حوالے سے خصوصی ہدایات دے رکھی ہیں کہ لائن آف کنٹرول کے نزدیکی علاقوں میں عوام کو سفری صحت تعلیم سمیت تمام سہولیات بہم پہنچائی جائیں۔ اس سال ان علاقوں تک پختہ سڑکوں کی تعمیر کے لیے خصوصی فنڈز بھی مختص کیے گئے ہیں۔