پشاور(آئی این پی) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عوام کا جمہوریت کے سفر میں جو فیصلہ ہو گا قبول کریں گے ‘ انقلاب باتوں یا دعویٰ سے نہیں بلکہ کام کرنے سے آئیگا‘ آج پوری دنیا موبائل فون کے ذریعے ہماری جیب میں ہے۔گزشتہ روزوزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے نیشنل انکیوبیشن سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے امید ہے یہ ادارہ سنگ میل ثابت ہو گا۔ یہ ادارہ ایک پائلٹ پراجیکٹ ہے۔ (ن) لیگ کی حکومت نے اربوں کی گیس ‘ روڈ اور بجلی پیدا کی ہے۔ یہ پروجیکٹ سب سے اہم ہے کیونکہ یہ نوجوانوں کی ضروریات کو پورا کرتا ہے۔ مستقبل کی پیش گوئی کرنا ناممکن ہے لیکن ہم کوشش کر رہے ہیں یہ وہ ادارے ہیں جو دیگر اداروں کو راستہ دکھاتے ہیں کہ کس طرح آئی ٹی انقلاب لائے گی۔ حکومت صرف اکیلے تمام مسائل حل نہیں کر سکتی۔ یہ ممکن نہیں کہ حکومت تمام نوجوانوں کو نوکریاں دے۔ یہ پرائیویٹ سیکٹر کا بھی کام ہے۔ ہم نے انٹرنیٹ کی سہولت فاٹا کے علاقوں تک پہنچا دی ہے۔ براڈ بینڈ سہولت پورے ملک میں پہنچانا حکومت کا کام ہے اور حکومت اپنا کام کر رہی ہے۔ نوجوانو ں کو روزگار ملنے سے آئی ٹی کے شعبے میں انقلاب آئے گا۔ انٹرنیٹ عوام کی بنیادی ضرورت ہے۔ اس سے دنیاآپ کے گھر میں آ جاتی ہے۔ ہر بچے کو علم کے ذرائع انٹرنیٹ کے ذریعے مل رہے ہیں۔ ہم تنقید کرنا جانتے ہیں لیکن کام کرنا مشکل کام ہے۔ آئی ٹی کے شعبے نے کام کر کے دکھایا ہے۔ اس حکومت نے عوام کے کام کئے اور فیصلے بھی عوام نے کر نے ہیں۔ جمہوریت پر ہی ہم نے چلنا ہے۔ یہ پہلی حکومت ہے جس نے اس شعبے پر توجہ دی۔ اس سے قبل پیچھے رہنے کی وجہ کرپشن تھی ہم نے شفاف طریقے سے تھری جی اور فور جی لائسنس دئیے ۔ شفاف طریقے سے مستقبل میں کاروبار انٹرنیٹ کے ذریعے ہو گا۔ ای کامرس دنیاکا مستقبل ہے۔ ہمیں اپنے نوجوانوں کو مواقع دینے ہیں کہ ان مواقعوں سے فائدہ اتھائیں تاکہ وہ اپنے پاﺅں پر کھڑے ہو سکیں۔ کراچی اور کوئٹہ اس پراجیکٹ کا اگلا پڑاﺅ ہو گا۔انہوں نے مزید کہا حکومت کے راستے میں رکاوٹیں ڈالی جاتی ہیں‘ 5 ماہ بعد عوام نے فیصلہ کرنا ہے کس نے کام کیا۔
شاہد خاقان