لاہور(پ ر) معاون خصوصی وزیر اعظم پاکستان عوان چوہدری نے کہا ہے کہ گنے کے کاشت کاروں کو بروقت ادائیگیاں نہ کرنے والے شوگر ملز مافیا کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گااور اس سلسلے میں کسی قسم کا سیاسی اثر و رسوخ خاطر میں نہیں لایاجائے گا۔ وزیر اعظم عمران خان نے واضح ہدایت کی ہے کہ کسانوں کو بر وقت ادائیگیاں نہ کرنے اور گنے کی خریداری میں ناپ تول کا ہیر پھیر کرنے والے شوگر ملز مالکان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے آج ننکانہ صاحب میں گنے کے کاشتکاروں کو درپیش مشکلات سے آگاہی کی غرض سے کیے جانے والے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس سے پہلے ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب راجہ منصور احمد اور ڈی پی او محمد نوید بھی موجود تھے ۔ضلعی انتظامیہ نے عوان چوہدری کو گنے کے کاشتکاروں کے مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عون چوہدری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر وزراءاور اراکین اسمبلی صوبہ کے تمام اضلاع کے دورے کر رہے ہیں تاکہ ان اضلاع میں کسانوں کے مسائل باالخصوص شوگر ملز کے امتیازی سلوک کے بارے آگاہی حاصل کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع ننکانہ صاحب میں ضلعی انتظامیہ نے شوگر ملز کی طرف سے کسانوں کو گنے کی بروقت ادائیگی نہ کرنے اور کم ناپ تول کرنے والے 43 افراد کے خلاف مقدمات درج کیے ہیں جبکہ 28 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔