دہلی پاکستانی سفارتی اہلکار بلاوجہ گرفتار‘ بھرپور احتجاج پر رہائی

Jan 14, 2019

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) بھارتی اداروں کی جانب سے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشن کے سفارتی اہلکار کو گرفتار کرنے کا شرمناک واقعہ، پاکستانی ہائی کمشن کے بھرپور احتجاج پر سفارتی اہلکار کو رہا کیا گیا۔ بھارتی حکومت نے ویانا کنونشن کی دھجیاں اُڑا دیں اور بدحواس بھارتی حکومت سفارتی آداب بھول گئی۔ سفارتی ذرائع کے مطابق بھارتی اداروں نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشن کی سفارتی اہلکار کو بلاوجہ گرفتارکرلیا، گرفتاری کا معلوم ہوتے ہی پاکستانی ہائی کمشن نے بھارتی دفتر خارجہ سے بھرپور احتجاج کرتے ہوئے ویانا کنونشن کی خلاف ورزی قرار دیا۔ پاکستانی ہائی کمشن کے بھرپور احتجاج پر بھارتی اداروں نے سفارتی اہلکار کو زبردستی سادہ کاغذ پر دستخط کرانے کے بعد چھوڑ دیا۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے پاکستان بھارتی اداروں کی جانب سے ایسے اقدامات کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ واضح رہے بھارتی اداروں کی جانب سے پاکستانی ہائی کمشن کی سفارتی اہلکاروں کو ہراساں کیے جانے کے متعدد واقعات ماضی میں بھی رونما ہو چکے ہیں۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق پاکستان کے ساتھ مذاکرات سے مسلسل آنکھیں چرانے والا بھارت اب سفارتی آداب بھی بھول گیا ہے۔ بھارتی اہلکاروں نے نئی دہلی میں پاکستان ہائی کمشن میں تعینات اہلکار کو گرفتارکرکے کئی گھنٹوں تک حبس بے جا میں رکھا اور اس دوران کچھ کاغذات پر زبردستی دستخط بھی کرائے۔ پاکستان حکام کی جانب سے معاملہ بھارتی وزارت خارجہ کے سامنے اٹھانے پر پاکستانی اہلکار کی رہائی عمل میں آئی۔ سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان نے ہائی کمشن کے اہلکار کی گرفتاری پر بھارت سے شدید احتجاج کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے پاکستان نے اہلکار کی گرفتاری کو ویانا کنونشن کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے بھارت پر واضح کر دیا ایسے کسی بھی واقعہ پر جواب کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
سفارتی اہلکار

مزیدخبریں