دیامربھاشا، مہمند ڈیم فنڈ میں 9 ارب روپے سے زائد رقم وصول ہوچکی

Jan 14, 2019

لاہور (این این آئی) وزیراعظم اور چیف جسٹس کے دیامربھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ میں اب تک9 ارب روپے سے زائد رقم وصول ہوچکی ہے۔ مرکزی بینک نے تجارتی بنکوں کو ہدایت کی ہے کہ پے منٹ کارڈز کے ذریعے ڈیم فنڈ کیلئے دئیے جانے والے عطیات پر کوئی سروس فیس وصول نہ کی جائے۔ سرکاری ریڈیو نے سٹیٹ بینک کی جاری تازہ اطلاعات کے حوالے سے کہا ہے ملک بھر سے جمع ہونے والے عطیات تقریباً 8 ارب روپے ہیں جبکہ باقی ایک ارب روپے بیرون ملک پاکستانیوں نے جمع کرائے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں میں اب تک امریکہ میں مقیم پاکستانیوں نے سب سے زیادہ 44کروڑ 35لاکھ 72 ہزار روپے برطانیہ میں رہائش پذیر پاکستانیوں نے 23کروڑ 46لاکھ 42ہزار روپے عطیہ کئے ۔اسی طرح پاکستان میں مختلف موبائل کمپنیوں کی ایس ایم ایس سروس کے ذریعے 13کروڑ 24لاکھ روپے موصول ہوئے ہیں۔

مزیدخبریں