آسٹریلین اوپن آج سے شروع‘ فیڈرر ‘وزنائیکی ٹائٹلز کا دفاع کرینگے

Jan 14, 2019

لاہور(سپورٹس ڈیسک) سال کے پہلے گرینڈ سلام ٹینس ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن کا آغاز آج سے ہو گا، راجر فیڈرر مینز اور کیرولین وزنائیکی ویمنز سنگلز ایونٹس میں اعزازات کا دفاع کریں گی۔27 جنوری تک جاری رہنے والے ایونٹ میں دنیائے ٹینس کے نامور مردوخواتین کھلاڑی مختلف کیٹگریز کے مقابلوں میں ٹائٹلز کے حصول کیلئے قسمت آزمائی کریں گے، شہرہ آفاق سوئس سٹار اور ریکارڈ 20 مرتبہ کے گرینڈ سلام چیمپئن راجر فیڈرر مینز سنگلز ٹائٹل کا دفاع کریں گے جبکہ ڈنمارک کی کیرولین وزنائیکی ویمنز سنگلز میں اعزاز کے دفاع کیلئے کوشش کریں گی۔ راجر فیڈرر، نوویک جوکووچ اور روئے ایمرسن مینز سنگلز ایونٹ کے کامیاب ترین کھلاڑی ہیں، تینوں کھلاڑیوں کو ریکارڈ چھ، چھ مرتبہ ٹائٹلز جیتنے کا اعزاز حاصل ہے، فیڈرر اور جوکووچ کے درمیان ریکارڈ ساتویں مرتبہ ٹائٹل کیلئے سخت جنگ کا امکان ہے۔ دفاعی چیمپئن فیڈرر ڈینس ایسٹومن کے خلاف مہم کا آغاز کریں گے، سابق عالمی نمبر ایک سپینش کھلاڑی رافیل نڈال کو پہلے رائونڈ میں جیمز ڈک ورتھ کا چیلنج درپیش ہو گا۔ اس مرتبہ ایونٹ میں پہلی مرتبہ فائنل سیٹ میں ٹائی بریک رکھا گیا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ ہیٹ پالیسی میں بھی تبدیلی کرتے ہوئے شدید گرمی کی صورت میں مینز کھلاڑیوں کو 10 منٹس کی بریک لینے کی اجازت ہو گی۔

مزیدخبریں