ہم حکومت نہیں گرائیں گے یہ خود گرے گی،مشورہ ہے نیب کو ٹائٹ کریں:آصف علی زرداری کا قومی اسمبلی میں اظہار خیال

Jan 14, 2019 | 20:09

ویب ڈیسک

سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ مانگے تانگے کی حکومت کو اندر سے ہی دیمک کھا رہی ہے اور اسے ہم نہیں گائیں گے بلکہ یہ خود گرے گی۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ 'اس وقت تمام جماعتیں سوچ رہی ہیں کہ نیب کے چیئرمین کے پاس جائیں، میں کہتا ہوں آپ کیوں ان کے پاس جائیں گے انہیں پارلیمنٹ کے سامنے حاضر ہونا چاہیے، یہ میری بات نہیں ہے، میں نے بڑے نیب دیکھے ہیں اور دیکھتا رہوں گا، بات یہ ہے کہ جس دن حکومتی اراکین کو بلایا جائے گا اس دن کیا ہوگا۔'

انہوں نے کہا کہ 'ہم نے ہی پارلیمنٹ کو عزت دینی ہے اور اسے مضبوط کرنا ہے، جتنی میری طاقت تھی میں پارلیمنٹ کو مضبوط کرتا آیا ہوں، آگے بھی ہم نے پارلیمنٹ کوعزت دینی ہے اور مضبوط کرنا ہے۔'

پاکستان کو ملنے والی بین الاقوامی امداد کے حوالے سے آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ 'یہ امداد پاکستان اور اس کے اداروں کو اس لیے مل رہی ہے کہ ہمارے دوست ممالک پاکستان کو ناکام ریاست کے طور پر نہیں دیکھنا چاہتے، اس امداد سے تمام معاشی معاملات ٹھیک تو نہیں ہوں گے لیکن اس سے سہارا ملے گا، لیکن بغیر سوچے سمجھے فیصلے کیے جاتے رہے تو ملک کو سنبھالا نہیں جاسکے گا جبکہ آپ جب ایک ناکام ریاست کی طرف چلے گئے تو کوئی آپ کو بچا نہیں سکے گا، چین بھی آپ کو نہیں بچا سکے گا کیونکہ ہر ملک اپنے مفاد کو دیکھتا ہوں۔'سابق صدر کا کہنا تھا کہ ہم نے پارلیمنٹ کو عزت دینی ہے اورمضبوط کرنا ہے، پارلیمنٹ اور جمہوریت کیلئے ہی کام کرنا چاہتا ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ بیرونی ممالک کی امداد سے کچھ ہوگا نہیں لیکن تھوڑی مدد مل گئی ہے، ملکی معاشی حالات اور بغیر سوچے سمجھے فیصلوں سے پاکستان نہیں سنبھالا جاسکتا ہے۔

انہوں نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں بننے والی نئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کے حوالے سے کہا کہ 'یہ غیر آئینی اقدام اور وقت کا ضیاع ہے، میرے خیال میں اب وقت آگیا ہے کہ پارلیمنٹ، چیئرمین نیب کو طلب کرے اور ہم یہاں قانون منظور کریں کہ سیاستدانوں کے خلاف کیس کا جائزہ نیب سے پہلے پارلیمانی کمیٹی کو لینا چاہیے'

ان کا کہنا تھا کہ 'ملک میں ادارے تباہ ہوچکے ہیں اور کوئی ادارہ کام نہیں کر رہا، حکومت کو اندر سے ہی دیمک کھا رہی ہے، ویسے بھی یہ مانگے تانگے کی حکومت ہے پتہ نہیں کتنے دن چلتی ہے، اس جنگل میں ہر طرف سے بندے لا کر بھر دیئے گئے ہیں، ہم حکومت نہیں گرائیں کیونکہ یہ خود گرے گی لیکن حکومت کو مشورہ ہے کہ نیب کو ٹائٹ کرے تاکہ ملک چلنے لگے۔'

انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو ہم جیل میں نہیں دیکھنا چاہتے، کسی کی بہن یا بیٹی جیل میں ہو ایسا نہیں ہونا چاہیے،نواز شریف کو عدالت سے ریلیف ملا اس پر ہمیں بہت خوشی ہے۔

پی پی کے شریک چیئرمین نے مزید کہا کہ مہمند ڈیم کے معاملے پر اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے موقف کی حمایت کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کو 6 ماہ ہوگئے ہیں،ان سے ایک مسئلہ بھی حل نہیں ہوسکا ہے،اسٹاک ایکسچینج کا حال برا ہے، مہنگائی بڑھ رہی ہے۔

سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے نئے ارکان پارلیمنٹ کو تربیت دینے کی خواہش کا اظہار کر دیا۔

قومی اسمبلی سے خطاب میں آصف زرداری نے چیف جسٹس ثاقب نثار کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کا نام جے آئی ٹی سے نکال دیا۔

سندھ کے لوگ پانی کیلئے مررہے ہیں اور ٹھٹھہ میں 9 لاکھ ایکڑ اراضی سمندر میں شامل ہوگئی ہے۔ 


 

مزیدخبریں