کراچی ( کامرس رپورٹر ) یونین پے انٹرنیشنل (یو پی آئی )اور اے پی پی ایس نے ایم کامرس ٹرانزایکشنز کے ذریعے مل کر پاکستان کو ڈیجیٹائز بنانے کا معاہدہ کیا ہے۔ اسکے نتیجے میں اے پی پی ایس یو پی آئی کا تھرڈ پارٹی سروس پرو وائیڈر (ٹی پی ایس پی) بن گیا ہے جو عالمی سطح پر موبائل پیمنٹ کی سہولت فراہم کرنے والا ادارہ ہے۔ اس معاہدے پر دستخط کی تقریب شنگھائی میں یوپی آئی کے ہیڈکوارٹرمیں منعقد ہوئی جس میں اے پی پی ایس کے سی ای او سید عدنان علی، یو پی آئی کے وائس پریذیڈنٹ لیری وانگ ، یوپی آئی پاکستان کے کنٹری منیجر ندیم ہارون اور یو پی آئی پاکستان سمیت دونوں اداروں کی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اے پی پی ایس کے تیزرفتار پیمنٹ کی سہولت پے فاسٹ بینکوں کو اسی معیار کی مختلف اقسام کی ادائیگیاں قبول کرکے انہیں بااختیار بنانے پر توجہ دیتا ہے۔ نئے دور کی ادائیگیوں کی طاقت نکھارنے اور اسمارٹ فونز کی وسیع پیمانے پر دستیابی کو ملانے سے دونوں ادارے پارٹنر بینکوں کی موبائل ایپلی کیشنز میں وسعت لائے ہیں جس کے نتیجے میں وہ کوئیک ریسپانس (کیو آر)، پی ٹو پی اور ٹیپ اینڈ پے (ایچ سی ای اور این ایف سی ) سے چلنے والی ٹرانزایکشنز سرانجام دے سکیں گے اور دلچسپ ڈسکاؤنٹس اور کیش بیک کی اہم مراعت بھی فراہم کی جاسکیں گی۔ پے فاسٹ کی جانب سے ایم کامرس ٹرانزایکشنز کی سہولت جن بینکوں میں فعال ہے ان میں عسکری بینک ، فیصل بینک، حبیب میٹرو بینک، این آر ایس پی بینک، سمٹ بینک، اور یو بینک شامل ہیں۔ پے فاسٹ ایک فن ٹیک ادارہ ہے جو اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے پی ایس او/ پی ایس پی لائنس حاصل کررہا ہے جس کی بدولت بینک اکاؤنٹس، موبائل والٹس اور یونین پے اور دیگر اسکیموں کے کارڈز کے ذریعے ڈیجیٹل پیمنٹس فعال ہوجائیں گی۔ پے فاسٹ کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ پاکستان کی ڈیجیٹل پیمنٹس کی مارکیٹ کو تیزی سے پھیلایا جائے اور یہاں کا معیار بین الاقوامی مارکیٹس سے بھی زیادہ ہو۔ یونین پے انٹرنیشنل نے 177 ممالک اور خطوں میں کارڈ کی قبولیت کا نظام فعال کرچکا ہے جبکہ 58 ممالک اور خطوں میں کارڈ کا اجراء ہوتا ہے۔ یونین پے انٹرنیشنل اعلیٰ معیار، کم لاگت اور بحفاظت انداز سے ایک ملک سے دوسرے ملک ادائیگی کی خدمات فراہم کرتا ہے ، اسکے کارڈ ہولڈرز کی تعداد دنیا میں سب سے زیادہ ہے اور عالمی سطح پر یونین پے کے کارڈ ہولڈرز اور مرچنٹس کی بڑھتی ہوئی تعداد کو مقامی طور پر باسہولت خدمات کی فراہمی یقینی بناتا ہے۔ اے پی پی ایس کے سی ای او عدنان علی نے کہا، "چائنا یونین پے کا ذیلی ادارہ یونین پے انٹرنیشنل موبائل پیمنٹس انڈسٹری میں چین کا صف اول کا جدت انگیز ادارہ ہے اور اسکے ساتھ اتحاد کی بدولت پاکستان میں بھی جدت کے اسی معیار کی راہ ہموار ہوگی اور ایم کامرس میں بڑھتے ہوئے مواقع تلاش کئے جاسکیں گے۔ اس سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ ملکی کمپنیوں میں بین الاقوامی مارکیٹس کو اپنی جانب مبذول کرنے کی قوت ہے جس میں وہ شامل ہوکر ان میں سرمایہ کاری کریں۔ ہم ایک قوم کے طور پر ڈیجیٹل معیشت کی جانب بڑھ رہے ہیں جس میں پے فاسٹ پاکستان کو کیش لیس بنانے میں بنیادی کردار ادا کرے گا۔"