گریناڈا (سپورٹس ڈیسک) ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم نے ایوئن لوئس کی عمدہ سنچری کی بدولت آئرلینڈ کو تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز وائٹ واش کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق نیشنل کرکٹ سٹیڈیم سینٹ جارج گرینیڈا میں کھیلے گئے بارش سے متاثرہ میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر آئرلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو پوری ٹیم 49.1 اوورز میں 203 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔ اینڈریو بالبرین نے سب سے زیادہ 71 رنز بنائے جبکہ جیمز میکالم نے 20، ولیم پورٹ فیلڈ نے 10، کیون اوبرائن نے 21، سیمی سنگھ نے 10 اور اینڈی میک برائن نے 25 رنز بنائے۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے ہیڈن والش سب سے کامیاب بائولر رہے جنہوں نے 10 اوورز میں 36 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور اوشین تھامس نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ روسٹن چیز نے 2 اور روماریو شیفرڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ہدف کے تعاقب میں ایون لوئس نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 5 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 102 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ برینڈن کنگ نے 38 اور نکولس پورن نے 43 رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے 36.2 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے تھے کہ بارش کے باعث میچ روک دیا گیا اور بعد ازاں ڈک ورتھ لوئس (ڈی ایل ایس) میتھڈ کے تحت ویسٹ انڈیز کو فاتح قرار دیدیا گیا۔