اشتہارات کے غیرقانونی ٹھیکے،یوسف رضاگیلانی کی عدم حاضری،فردجرم عائد نہ کی جاسکی

Jan 14, 2020

اسلام آباد(نا مہ نگار)اشتہارات کے غیر قانونی ٹھیکے کے نیب ریفرنس میں سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی پر فرد جرم کی کارروائی موخرہو گئی اور عدالت نے ترمیمی آرڈیننس پرنیب کو موقف سے آگاہ کرنے کی ہدایت کردی۔پیر کو احتساب عدالت میں اشتہارات کے غیرقانونی ٹھیکوں پر نیب ریفرنس کی سماعت ہوئی ، احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے کیس کی سماعت کی، سابق یوسف رضاگیلانی و دیگرملزمان کی عدم حاضری پرفردجرم عائد نہ ہوسکی۔سابق پی آئی او سلیم بیگ نے نیب آرڈیننس کے تحت بریت کی درخواست کی ، جس میں موقف اختیار کیا کہ آرڈیننس کے تحت ریفرنس سے بری کیا جائے، جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا نیب آرڈیننس حکومت نے قومی اسمبلی میں واپس لے لیا ہے، حکومت نیب آرڈیننس کے حوالے سے اعلان بھی کرچکی ہے۔احتساب عدالت نے ترمیمی آرڈیننس پر نیب کو مقف سے آگاہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت 30جنوری تک ملتوی کر دی۔گذشتہ سماعت میں احتساب عدالت نے اشتہارات کے غیرقانونی ٹھیکوں پر ریفرنس میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے 13جنوری کو طلب کیا تھا۔یاد رہے قومی احتساب بیورونے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف اپنے دور اقتدار میں اختیارات کے غلط استعمال کا ریفرنس درج کیا تھا۔نیب حکام کا کہنا ہے کہ یوسف رضا گیلانی نے یو ایس ایف سے تشہیری مہم چلانے کی ہدایت کی، سابق سیکریٹری آئی ٹی فاروق اعوان نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے تشہری مہم چلائی، ملزمان کے اقدام سے قومی خزانے کو 12کروڑ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔سابق انفارمیشن سیکریٹری فاروق اعوان، سابق پبلک انفارمیشن آفیسر سلیم، حسن شیخو ، حنیف اور ریاض پر بھی سابق وزیرِ اعظم کا ساتھ دینے کا الزام ہے

مزیدخبریں