مشرف سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ انصاف کی جیت ہے، فردوس عاشق

Jan 14, 2020

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ ’’ووٹ کوعزت دو ‘‘کا نعرہ لگانے والے ہوٹلوں میں میٹنگز کررہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی بیمار قیادت ہسپتال کی بجائے گھر میں مقیم ہے۔ عوام نواز شریف کی صحت سے متعلق فکرمند ہیں۔ رانا ثنااللہ اپنے مقدمے کو سیاسی اور مذہبی رنگ دینے کیلئے زور لگارہے ہیں، رانا ثناء اللہ اپنی قیادت کا غصہ حکومت پر نکال رہے ہیںوہ اپنی بے گناہی ثابت کرنے کیلئے سیاست اور سیاسی اکھاڑے کو مذہب کی بھینٹ چڑھا رہے ہیں۔ بی آئی ایس پی کا فنڈز کھانے والے افسران کو بے نقاب کریں گے۔ ذمہ داران کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔ حکومت ایم کیوایم کی شکر گزار ہے۔ بغلیں بجانے والوں کومایوسی ہوئی، شادیانے بجانے والوں کے جذبات پر اوس پڑی ہوئی ہے۔ رانا ثنااللہ کو عدالت نے ضمانت دی ہے کیس سے بری نہیں کیا۔ سابق صدر جنرل (ر)پرویز مشرف کی سزا سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ انصاف کی جیت ہے۔ سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری اور میاں نواز شریف نے بدنیتی کی بنیادپریہ کیس بنایا۔ انہوں نے یہ بات پیر کے روز پارلیمنٹ کے باہر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت ایم کیو ایم کی شکرگزار ہے بغلیں بجانے والوں کو مایوسی ہوئی ہے۔ وزیراعظم متحدہ مجلس عمل کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ہم ان کے شکر گذار ہیں۔ بیگانی شادی میں بھڑکیں مارنے والوں کے جذبات پر اوس پڑ ی ہوئی ہے، اسد عمر کی قیادت میں وفد نے ایم کیو ایم سے ملاقات کی ہے، عوام کی توقعات اور وزیراعظم کی ترجیحات پر بات ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم ویژن 2020 کا حصہ رہے گی۔ ایم کیو ایم ملکی ترقی اوراستحکام کیلئے حکومت کے شانہ بشانہ ہے۔ انہوں نے کہا حکومت اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر مسائل حل کرے گی فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ رانا ثنااللہ کی ابھی ضمانت ہوئی ہے کیس ختم نہیں ہواان کا کیسز ابھی چلے گا۔ انہوں نے کہاکہ ووٹ کوعزت دو کا نعرہ لگانے والے ہوٹلوں میں میٹنگز کررہے ہیں۔ن لیگ کی بیمار قیادت ہسپتال کی بجائے گھر میں مقیم ہے۔ عوام نواز شریف کی صحت سے متعلق فکرمند ہیں عوام یہ جاننا چاہتی ہے کہ جو علاج کیلئے طبی ضمانت لیکر گئے تھے اس کا کیا بنا اب پلیٹ لٹس کا بہانہ بناکر علاج کیلئے جانے والے پرفضا مقامات و ہوٹلوں میں نظر آتے ہیں، بتایا جائے کہ وہ ووٹ کو عزت دو کا نظریہ کدھر گیا۔ رانا ثناء اللہ حکومت پر تنقید نہ کریں بلکہ اپنی قیادت سے ووٹ کو عزت دوکے فلسفے کا جواب مانگیں انہوں نے کہا کہ وہ اپنی تنقید کا ہدف ہمیں بنانے کے بجائے ان سے پوچھے جو آپ کو چھوڑ کر بیرون ملک سیر سپاٹوں میں مصروف ہیںمعاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ سابق صدر جنرل(ر) پرویز مشرف کی سزا سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ انصاف کی جیت ہے۔ اس فیصلے سے عدالت نے انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے۔ سپیشل کورٹ کے قیام کا اختیار حکومت کا ہوتا ہے سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری اور میاں نواز شریف نے بدنیتی کی بنیاد پر یہ کیس بنایااس کیس کے سلسلے میں کابینہ کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ لاہور ہائی کورٹ نے قانونی سقم کی اصلاح کی ہے انہوں نے کہا کہ خطے کو درپیش مسائل کے حل کیلئے حکومت پاکستان متحرک ہے۔ سابق صدر مشرف ملک واپس آکر عدالتوں کو سامنا کرتے ہیں کہ نہیں اس بارے میں ان کے وکلابہتر بتا سکتے ہیں۔ انہوں نے بجلی قیمتوں میں اضافے کے بارے میں بتایا کہ وزیراعظم عوام کے حقوق کے ضامن ہیں بجلی کے بلوں میں اور بلنگ کی رقم صارفین کو واپس کئے جارہے ہیں۔ ہم عوام کے حقوق پر ڈھاکہ نہیں ڈالنے دیں گے کابینہ کے اجلاس میں بجلی کے ٹیرف کا تعین ہو گا چیف الیکشن کمشنر کے تقرر کے بارے میں انہوں نے کہا کہ مفاہمت کی فضاکے اندر ہم نے پارلیمنٹ میں مثبت سوچ کے تحت قانون سازی شروع کی ہے۔ پارلیمنٹ کو عوام کی مفاد میں دوررس نتائج کے حامل قانون سازی کرے گا چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کے ناموں ہر بھی اسی طرح اتفاق ہوگا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عمران خان وہ پہلے وزیراعظم ہیں جنہوں نے ٹیکس وصولیوں کو تحریک کی شکل دی، رواں مالی سال حاصل کردہ ٹیکس2085ارب ہے جو پچھلے سال کے مقابلے میں 16.4فیصد زیادہ ہے، انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور ایکسائز ڈیوٹی میں بالترتیب 21.2فیصد، 34فیصد اور 25.6فیصد اضافہ ہوا، اس سال105ارب کے ری فنڈ جاری ہوئے، پچھلے سال 36ارب کے ری فنڈ جاری ہوئے تھے۔

مزیدخبریں