اسلام آباد/ لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر فواد چودھری نے لندن میں شریف فیملی کی ریسٹورنٹ میں تصویر جاری کی ہے۔ تصویر میں میز کے دائیں طرف شہبازشریف اور بائیں طرف اسحاق ڈار بیٹھے ہیں جبکہ دوسری طرف منہ کیے ہوئے امکانی طور پر نوازشریف ہیں۔ شہبازشریف اور اسحاق ڈار ان کی بات نہایت انہماک سے سن رہے ہیں۔ وفاقی وزیر فواد چودھری نے تصویر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھائو پیو بیماری کا علاج انتہائی انہماک سے جاری ہے۔ سارے مریض بہتر محسوس کر رہے ہیں‘ لندن کے ہسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں ہونے والی ملاقات کے مناظر ہیں۔ ادھر صوبائی وزیر صحت یاسمین پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان سے رابطہ کرکے سوشل میڈیا پر چلنے والی تصویر کی بناء پر ڈاکٹر عدنان سے نواز شریف کی تازہ میڈیکل رپورٹس فوراً بھجوانے کا کہا ہے۔ ہوم ڈیپارٹمنٹ نے پہلے ہی نواز شریف کے وکیل کو تازہ میڈیکل رپورٹس کیلئے مراسلہ لکھ دیا ہے۔ دوسری جانب نواز شریف کے بیرون ملک علاج پر اہم انکشافات سامنے آ گئے۔ نواز شریف نے پنجاب حکومت کو ابھی تک ضمانت میں توسیع کی دستاویر نہیں دیں۔ اس حوالے سے پنجاب حکومت نے نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث سے رابطہ کر لیا خواجہ حارث نے جواب دیا کہ نواز شریف سے تعلقات کوئی دستاویزات نہیں ہیں۔ میڈیکل رپورٹ کیلئے ڈاکٹر عدنان یا نواز شریف سے رابطہ کیا جائے پنجاب حکومت ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے ضمانت میں توسیع سے قطعاً دستاویز فراہم نہیں کیا۔