اسلام آباد(نیوزرپورٹر)کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کا ایک غیر معمولی اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ۔ حریت رہنماء محمد فاروق رحمانی نے اجلاس کی صدارت کی ۔ اجلاس میں بھارت کی انتہاپسند حکومت کی طرف سے بھارتی آئین کی دفعہ 35Aکی منسوخی کے بعد مسلسل 162دنوں سے زائد عرصے سے نافذ کرفیو، فوجی محاصرے اور لاک ڈائون کی شدید مذمت کی گئی ۔ حریت قائدین مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صوررتحال پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیرمیں نہتے کشمیریوں کی نسل کشیُ پر تلی ہوئی ہے اور آئے روز کشمیری نوجوانوںکو شہید کیاجارہا ہے ۔ اجلاس میں گزشتہ روز بھارتی فوج کے ہاتھوں پلوامہ میں شہید ہونے والے بے گناہ کشمیری نوجوانوںکو زبردست خراج عقیدت بھی پیش کیاگیا۔ حریت قائدین نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ شہداء کی قربانیاں ہر گزرائیگاںنہیں جائیں گی۔ اجلاس میں افسوس ظاہر کیاگیا کہ بھارت نے تمام اخلاقی ، انسانی اورقانونی اقدار کوپامال کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیرکو ایک بدترین قید خانے میں تبدیل کردیا ہے ۔حریت رہنمائوںنے من پسند غیر ملکی سفارتکاروں کے مقبوضہ کشمیر کے حالیہ ناکام دورے کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ایسے نمائشی دوروں سے تحریک آزادی کشمیر کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے بلکہ ان دوروں سے تحریک مزید مضبوط ہوگی۔ اجلاس میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری محمد حسین خطیب، سیکرٹری اطلاعات شیخ عبدالمتین، نائب سیکریٹری اطلاعات امتیاز وانی ، عبدالمجید ملک ، نذیر احمد کرنائی ، انجینئر مشتاق محمود ، شمیمہ شال ، نثار مرزا اور عدیل مشتاق وانی نے شرکت کی ۔ اس موقع پر شہداء کی بلندری درجات کیلئے دعا بھی کی گئی۔
بھارت نے مقبوضہ کشمیرکو بدترین قید خانے میں تبدیل کردیا :کل جماعتی حریت کانفرنس
Jan 14, 2020