اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی ) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ سلطان قابوس ترقی پسند سوچ رکھنے والے عظیم رہنما تھے، سلطان قابوس کی قیادت میں عمان نے اقتصادی اور معاشی ترقی کا ایک نیا دور دیکھا ہے، سلطان قابوس کی وفات سے پاکستان ایک عظیم اور مخلص دوست سے محروم ہو گیا۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں عمان کے سفارتخانے کے دورہ کے موقع پر کیا۔ انہوں نے عمان کے سربراہ سطان قابوس کے انتقال پر وہاں رکھی گئی تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات قلم بند کئے۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ سلطان قابوس ترقی پسند سوچ رکھنے والے عظیم رہنما تھے، سلطان قابوس کی قیادت میں عمان نے اقتصادی اور معاشی ترقی کا ایک نیا دور دیکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلطان قابوس کی وفات سے پاکستان ایک عظیم اور مخلص دوست سے محروم ہو گیا،ان کی بین المذاہب ہم آہنگی اور قیام امن کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستانی قوم عمان کی حکومت، عوام اور قیادت کے ساتھ دکھ کی اس گھڑی میں برابر کے شریک ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کچھ وقت عمان کے سفارتخانے میں گزارا اور سلطان قابوس کے انتقال پر اومانی سفیر اور سفارتخانے کے سنیئر افسران کے ساتھ تعزیت اور فاتحہ خانی کی۔
سلطان قابوس ترقی پسند سوچ رکھنے والے عظیم رہنما تھے، صادق سنجرانی
Jan 14, 2020