اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کی سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے سابق ڈکٹیٹر پرویز مشرف کی سزا کے خلاف لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ قانون کی حکمرانی کے لئے افسوسناک دن ہے۔ انہوںنے کہا کہ سپریم کورٹ کی طرف سے تشکیل دی گئی کورٹ تین ہائی کورٹ کے جج صاحبان پر مشتمل تھی۔ فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا جاتا نہ کہ ہائی کورٹ سے۔ لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ سوالیہ نشان ہے۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ عوام کے منتخب وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو جس نے پاکستان بچایا تھاکے عدالتی قتل کے حوالے سے ریفرنس آٹھ سال سے شنوائی کا منتظر ہے جبکہ ایک آئین شکن ڈکٹیٹرکی اپیل کا فیصلہ چند دنوں میں ہونا حیران کن بات ہے۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو سرعام شہید کیا گیا مگر کسی ایک قاتل کو عدالت نے سزا کیوں نہیں دی؟ قوم پوچھ رہی ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کو انصاف کون دے گا؟ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ سانحہ 12مئی کے اہم کردار بھی گرفتار نہیں ہوئے۔