بھارتی ریاست مغربی بنگال میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سربراہ نے نئے شہریت قانون پر احتجاجی مظاہرے کرنے والوں کو گولی مارنے اور جیل میں ڈالنے کی دھمکی دے دی۔بھارتی ٹی وی کے مطابق بھارتی پارلیمنٹ کے رکن اور بی جے پی مغربی بنگال کے صدر دلیپ گھوش نے یہ بات پارٹی اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔کابینہ کے یونین منسٹر بابل سوپریو نے ان کے اس بیان سے کنارہ کشی اختیار کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اسے غیر ذمہ دارانہ قرار دیا۔دلیپ گھوش نے مغربی بنگال میں اپوزیشن جماعت آل انڈیا ترینامول کانگریس پارٹی کی وزیر اعلیٰ ممتا بنیرجی پر تنقید کرتے ہوئے بی جے پی کے زیر اثر بھارت کی دیگر ریاستوں کی حکومت میں اس احتجاج سے نمٹنے کے اقدامات اور ان کی حکومت کے اقدامات کا موازنہ کیا۔دلیپ گھوش کا کہنا تھا کہ آسام، اتر پردیش، کرناٹکا میں دیکھیں، ہماری حکومت نے ان پر ایسے گولیاں چلائی ہیں جیسے کتوں کو مارا جاتا ہے۔مغربی بنگال میں احتجاج کا حوالہ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آپ یہاں آئیں، ہمارا کھانا کھائیں، یہاں رہیں اور پھر ہماری ہی زمین کو نقصان پہنچائیں؟ ہم آپ کو ڈنڈوں سے ماریں گے، گولیاں ماریں گے اور جیل میں ڈال دیں گے۔
بھارت میں متنازع شہریت قانون پر احتجاج کرنے والوں کو گولی مارنے کی دھمکی
Jan 14, 2020 | 12:41