وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس، میٹرو ٹرین کاآپریشنل اینڈ مینٹینینس کنٹریکٹ محکمہ قانون کو بھجوانے کا فیصلہ 

Jan 14, 2020 | 20:51

ویب ڈیسک

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کے آپریشنل اینڈ مینٹینینس کنٹریکٹ کے امور کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں  آپریشنل اینڈ مینٹینینس کنٹریکٹ کو محکمہ قانون بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا۔ محکمہ قانون کنٹریکٹ کا جائزہ لے کر حتمی رائے دے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کنٹریکٹ سے متعلقہ امور قواعد و ضوابط کے مطابق جلد طے کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے کو عوام کیلئے جلد آپریشنل کر نا چاہتے ہیں، لہٰذا ضروری امور کو بلاتاخیر نمٹایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ٹرین کا کرایہ عام آدمی کی استطاعت کے مطابق ہو گا اور کرایہ طے کرنے کی حتمی منظوری پنجاب کابینہ دے گی۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ آپریشنل اینڈ مینٹینینس کنٹریکٹ چین کی کمپنی نورینکو انٹرنیشنل نے سب سے کم بولی دے کر حاصل کیا ہے۔ منصوبے پر تیزی سے پیش رفت ہو رہی ہے اور ٹرین کے ٹیسٹ رن کامیابی سے چل رہے ہیں۔ ڈیرہ گجراں سے علی ٹاؤن تک ٹرین کا 27.1 کلومیٹر سفر 45منٹ میں مکمل ہوگا اور ٹرین کے 27سیٹ پر تقریباً 2لاکھ 45ہزار مسافر روزانہ سفر کریں گے۔ سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے کنٹریکٹ کے اہم خد و خال کے بارے میں بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت،ایم ڈی پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ اور پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ نے اجلاس میں شرکت کی۔

مزیدخبریں