وزیر ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی احمد رضا قادری نے کہا ہے کہ وادی نیلم میں شدید برفباری کے نتیجے میںبرفانی تودوں اور گلیشئرز سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے تمام وسائل کو بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے ۔ ابتدائی معلومات کے مطابق سرگن ویلی سمیت دیگر علاقوں میں جاں بحق ہونے والے61 افراد کی نعشیں نکال لی گئی ہیں ۔53 زخمیوں کو پاک فوج نے انتظامیہ کے ساتھ مل کر ریسکیو کرتے ہوئے ہسپتالوں میں منتقل کیا ہے ۔52 کے قریب رہائشی گھر مکمل اور 82جزوی طور پر تباہ ہوئے ہیں۔دور دراز علاقوں تک رابطہ نہ ہونے کی وجہ سے نقصانات میں اضافے کا امکان موجود ہے۔ ان خیالات کا اظہاروزیر ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی احمد رضا قادری نے نیلم کے دورے پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز آٹھمقام میں نیلم میں گزشتہ تین روز سے جاری برفباری کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کے بارے پریس بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ زمینی رابطے منقطع ہونے کی وجہ سے فوری امدادی کاروائیاں ممکن نہیں ہیں تاہم ہیلی کاپٹرز کے ذریعے ادویات خوراک ضروری اشیاء متاثرہ علاقوں تک پہنچائی جا رہی ہیں۔ حکومت متأثرین تک پہنچنے اور ان کو مدد فراہم کرنے کے لئے تمام وسائل استعمال کر رہی ہے ۔امدادی کاروائیوں میں تین ہیلی کاپٹرز حصہ لے رہے ہیں۔ اس موقع پر کرنل وقار نور، کمشنر مظفرآباد چوہدری امتیاز احمد، ایس پی نیلم ،ضلعی و ڈویژنل انتظامیہ بھی موجود تھی۔
وادی نیلم میں شدید برفباری کے نتیجے میں برفانی تودوں اور گلیشئرز سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی، جاں بحق ہونے والے61 افراد کی نعشیں نکال لی گئیں۔ احمد رضا قادری
Jan 14, 2020 | 21:36