عامر کے بیانات پر افسوس‘ٹیم چھوڑکر گیا نہ چھوڑونگا: وقار یونس 

Jan 14, 2021

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )قومی کرکٹ ٹیم کے بائولنگ کوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ اْنہیں محمد عامر کے بیانات سْن کر بیحد افسوس ہوا ہے۔ عامر شاندار کرکٹر ہے اور میں ان لوگوں میں سے ہوں جواس بات کی وکالت کرتا تھا کہ عامر کو واپس آنا چاہیے۔اْنہوں نے نوجوان بائولر نسیم شاہ کے حوالے سے کہا کہ نسیم شاہ ٹیلنٹڈ فاسٹ بائولر ہیں۔ میں کسی جواز کے پیچھے چھپنے نہیں آیا، جو خبریں ہیں وہ خبروں کی حد تک رہیں تو بہتر ہیں۔ یہ غلط بات ہے کہ ٹیم کو چھوڑ کر آگیا ہوں، ٹیم کو نہ پہلے کبھی چھوڑ کر گیا ہوں نہ آئندہ چھوڑ کر جاؤں گا۔کرونا وائرس کی وجہ سے مشکل ہوئی، ہم نے پہلا ٹیسٹ اچھا کھیلا جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں ہم بہتر نہ کھیل سکے۔ جو پرفارمنس ہم دینا چاہتے تھے نہیں دے سکے لیکن مجھے بائولرز پر فخر ہے کہ انہوں نے مشکل حالات میں اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کی۔جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز کے منتظر ہیں، میں جارحانہ انداز کا انسان ہوں اور یہی چاہتا ہوں کہ اپروچ جارحانہ ہو۔ کوچ کے سلیکشن کے اختیارات لینے کی ابھی خبریں ہیں، کوچ کے سلیکشن لینے کا جب فیصلہ سامنے آئے گا دیکھیں گے، ابھی پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔وقار یونس نے کپتان بابراعظم سے متعلق کہا کہ بابراعظم کا نہ ہونا اور کیچز ڈراپ ہونے سے فرق پڑا۔اْنہوں نے اْن پر تنقید کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ مجھ میں کچھ ہے تو یہاں کھڑا ہوں، تنقید کرنا اور کمنٹری کرنا بہت آسان ہے۔

مزیدخبریں