اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) صدر نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف کی حمایت پر ترک وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔ صدر عارف علوی ایوان صدر میں ترک وزیر خارجہ میو لوت چاوش اوغلو سے بات چیت کر رہے تھے جنہوں نے صدر سے ملاقات کی۔ صدر نے کہا کہ پاکستان اور ترکی میں تجارت اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینا چاہیے۔ کاروبار کرنے میں آسانی کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان کی پوزیشن بہتر ہوئی ہے جس کی وجہ سے ترکی کے سرمایہ کار پاکستان میں کاروبار دوست ماحول سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ صدر نے کرونا وائرس کی عالمی وبا سے نمٹنے میں ترکی کے کردار کی تعریف کی۔ ترک وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ترکی پاکستان کیساتھ تجارتی تعلقات کو بہتر بنانے کا خواہاں ہے، ہم ترک کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے حوصلہ افزائی کرتے رہیں گے۔ ترک وزیر خارجہ نے یقین دلایا کہ ترکی تمام بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔ ترک وزیر خارجہ نے نگورنو کاراباخ پر آذر بائیجان کی حمایت کرنے پر پاکستان کے تعاون کی تعریف کی۔ صدر پاکستان اور ترک وزیرخارجہ نے اسلامو فوبیا، نفرت انگیز تقریروں اور اسلام کیخلاف عدم رواداری سے نمٹنے کیلئے مشترکہ اقدامات پر مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ صدر نے ملاقات کے بعد ترک وزیر خارجہ کو ہلال پاکستان کا اعزاز بھی دیا۔ اعزاز دینے کی تقریب میں پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔