اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے پارٹی ترجمانوں کو براڈ شیٹ معاملے پر اپوزیشن کو بے نقاب کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ براڈ شیٹ نے اپوزیشن کے تمام کرتوت بے نقاب کر دیئے۔ حکومتی ترجمانوں کے اجلاس میں مولانا فضل الرحمن اور اپوزیشن کی تقاریر کا تذکرہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے پی ڈی ایم کے معاملے پر وزیر داخلہ کو تیاری کی ہدایت کی۔ مہنگائی کو جلد کنٹرول کر لیں گے۔ رواں سال چینی کی بروقت درآمد کریں گے۔ عالمی مارکیٹ سے سستی چینی خریدیں گے۔ شوگر ملز کو ناجائز منافع خوری نہیں کرنے دیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ چینی اور انرجی کے معاملے پر اہم فیصلے کر لئے ہیں۔ چینی درآمد کرنے کے انتظامات کئے جائیں۔ وزیراعظم نے اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں کمی لانے کی ہدایت کی۔ فواد چودھری اور شیریں مزاری نے براڈ شیٹ پر ترجمانوں کو بریفنگ دی۔ فواد چودھری نے براڈ شیٹ الزامات پر بات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پانامہ کے بعد براڈ شیٹ دوسرا بڑا سکینڈل ہے۔ براڈ شیٹ کیس ہمارے مؤقف کا واضح ثبوت ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ فضل الرحمن سمیت کسی کو الیکشن کمیشن آنے سے نہیں روکا جائے گا۔ ملک میں امن و امان پر سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اشرافیہ کی کرپشن پاکستان کی ترقی کیلئے بہت بڑا خطرہ ہے۔ یہ اشرافیہ استحصال کارڈ کے پیچھے نیں چھپ سکتی۔ پہلے پانامہ پیپرز اور پھر براڈشیٹ نے ہماری حکمران اشرافیہ کی کرپشن اور منی لانڈرنگ کا پردہ چاک کیا۔ اشرافیہ نے این آر او کے ہتھکنڈوں کے ذریعے اپنی دولت کو تحفظ دیا اور عوام کو خسارے میں رکھا۔ بدھ کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں براڈشیٹ مکمل شفافیت سے تحقیقات کرے۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاناما پیپرز کے بعد براڈ شیٹ نے بھی ہمارے امیر حکمرانوں کی کرپشن اور منی لانڈرنگ کو بے نقاب کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پہلے پاناما پیپرز کے ذریعے ہمارے امیر حکمرانوں کی کرپشن اور منی لانڈرنگ سامنے آئی اور اب براڈ شیٹ نے بھی اشرافیہ کی بڑے پیمانے پر کرپشن اور منی لانڈرنگ کو بے نقاب کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی انکشافات کے بعد یہ اشرافیہ انتقامی کارڈ کے پیچھے نہیں چھپ سکتی۔ انہوں نے کہا کہ بار بار اشرافیہ کا بے نقاب ہونا کرپشن کے خلاف میری 24 سال کی جدوجہد کو بیان کر رہا ہے۔ یہ اشرافیہ حکومت میں آئی اور ملک کو تباہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اشرافیہ نے بیرون ملک غیر قانونی اثاثے بنانے کے لیے منی لانڈرنگ کی، خود کو مقامی قانون سے بالاتر کیا اور پھر اپنا سیاسی اثر و رسوخ استعمال کر کے این آر او کا سہارا لیا۔ اس طرح ان لوگوں نے لوٹی ہوئی ملکی دولت کو محفوظ بنایا اور پاکستانی عوام کو سب سے زیادہ نقصان ہوا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں نے صرف عوام کی دولت کو ہی نہیں لوٹا بلکہ ٹیکس دہندگان کے پیسے کو این آر او کے ذریعے ضائع کیا گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ انکشافات آغاز ہیں، ہم براڈ شیٹ سے اشرافیہ کی منی لانڈرنگ کی مکمل اور شفاف تحقیقات چاہتے ہیں اور یہ بھی چاہتے ہیں کہ بتایا جائے کہ کس نے انہیں تحقیقات سے روکا۔ حکومت نے ای بلنگ‘ ای بڈنگ اور پی آئی ایس میپنگ کا آغاز کر دیا۔ وزیراعظم عمران خان نے این ایچ اے کی تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ سب کہتے تھے کہ کہاں ہے نیا پاکستان‘ یہ ہے نیا پاکستان‘ جتنی ٹرانسپرنسی ٹینڈر اور بڈنگ میں لائیں گے اتنی ہی کرپشن کم ہوتی جائے گی۔ جو لوگ پرانے نظام سے ناجائز فائدہ اٹھاتے ہیں وہ تبدیلی نہیں آنے دیتے۔ بدقسمتی سے ملک کے نظام میں کرپشن کو تسلیم کر لیا گیا تھا۔ کرپشن کی وجہ سے سڑکوں پر لگنے والا پیسہ جیبوں میں جاتا تھا۔ آٹومشین سے دنیا بھر میں تبدیلی آئی‘ کرپشن کرنا ناممکن ہوا۔ ماضی میں این ایچ اے کے ٹھیکوں میں بڑی کرپشن ہوئی۔ مستقبل ڈیجیٹل نظام کا ہے۔ عمران خان سوئچ دبا کر تبدیلی نہیں لے آئے گا۔ رشوت چلتی رہے تو ملک ترقی نہیں کرے گا۔ تبدیلی کا مطلب سوئچ آن آف کرنا نہیں ذہن بدلنا ہوتے ہیں۔ خوددار قوم کی عزت ہوتی ہے۔ گرین پاسپورٹ کی دنیا بھر میں عزت چاہتے ہیں۔ مافیا پرانے سسٹم سے فائدہ اٹھاتے ہیں جو تبدیلی نہیں آنے دیتے۔ رشوت کو کرپشن نہیں سمجھا جاتا۔ ملک قرضوں پر گزارا کر رہا ہے اور لوگ بڑے بڑے ملکوں میں جائیدادوں میں رہ رہے ہیں۔ پاکستان میں حکومت کرنے والوں اور دیگر ممالک کے حکمرانوں کا رہن سہن دیکھ لیں۔ براڈ شیٹ والوں نے کہا ایک سیاستدان نے سعودی عرب سے لندن کے بنک میں ایک ارب ڈالر بھیجے‘ رشوت اور کمیشن ختم کئے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ براڈ شیٹ کے مطابق سابق وزیراعظم چور تھا‘ سب سے بڑا ظلم ہے لوگ کرپشن کو کرپشن نہیں سمجھتے۔ مدینہ کی ریاست میں سربراہ نے محلات نہیں بنانے تھے۔ ہمارے نبی صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم نے فلاحی ریاست بنائی تھی۔ این ایچ اے کی ڈیجیٹلائزیشن سے کرپشن کرنا مشکل ہو جائے گی۔ این ایچ اے کے بعد ایف بی آر کو ڈیجیٹلائز کر رہے ہیں۔ ایف بی آر کو ڈیجیٹلائز کرنے کیلئے مزاحمت سامنے آئی۔ جولائی تک ایف بی آر کو ڈیجیٹلائز کی ڈیڈ لائن دی ہے۔ مزید وزارتوں کو 6 ماہ تک ای گورننس کا وقت دیا ہے۔ پاکستان تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہے۔ ای بڈنگ سے ترقی آئے گی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان سے ترک وزیر خارجہ نے ملاقات کی۔ اعلامیہ کے مطابق خطے کی صورتحال عالمی اور دو طرفہ امور پر بات چیت کی گئی۔ پاکستان اور ترکی کا تعلقات کو معاشی پارنٹر شپ میں تبدیل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ تجارت سرمایہ کاری دفاع تعلیم ثقافت کے شعبوں میں دونوں ممالک مزید تعاون کریں گے۔ وزیراعظم نے جموں و کشمیر کے معاملے پر مستقل حمایت پر ترکی کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی اقدامات خطے میں امن و امان کیلئے خطرہ ہیں۔ وزیراعظم نے افغان امن عمل میں پاکستان کے مثبت کردار سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے اسلاموفوبیا کا مقابلہ کرنے کیلئے ملکر کام کرنے پر زور دیا۔ دونوں ممالک کے مفاد میں اعلیٰ سطحی رابطے اور ملاقاتیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
جاننا چاہتے ہیں براڈ شیٹ کو مزید تحقیقات سے کس نے روکا : عمران
Jan 14, 2021