منشیات کا خاتمہ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ، اعجاز احمد شاہ 

اسلام آباد(نیوزرپورٹر)وفاقی وزیر انسداد منشیات اعجاز احمد شاہ نے منشیات کی روک تھام کے لئے آئی این ایل کی جانب سے کئے جانے والے تعاون کا بھر پور خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ منشیات کا بڑھتا استعمال عالمی مسئلہ ہے اور نوجوان نسل اس کا سب سے زیادہ 


نشانہ بن رہی ہے،ان تمام مسائل اور منشیات کے نقصانات سے باخبر ہونے کی وجہ سے منشیات کا خاتمہ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ بدھ کے روز وفاقی وزیر انسداد منشیات اعجاز احمد شاہ کی ڈائریکٹر آئی این ایل مس ڈوروتھے نگوٹرسے وزارت انسداد منشیات میں خصوصی ملاقات ہوئی ۔ وفاقی وزیر  اعجاز شاہ نے اس بات پر زور دیا کہ نئی حکمت عملی کے تحت ڈیمانڈ کو کم کرنے کے سلسلے میں کام جاری ہے،بارہا اس بات پر زور دے چکا ہوں کہ ڈیمانڈ میں کمی لا کر ہی سپلائی کرنے والوں سے باقاعدہ طور پر نمٹا جا سکتا ہے- اس بات کی تائید کرتے ہوئے ڈائریکٹر آئی این ایل نے کہا کہ ڈیمانڈ کم کرنے کے لئے جو ممکن تعاون ہوا وہ کریں گے- اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ منشیات سے پاک معاشرے کی تشکیل کے لئے زیادہ بہتر حکمت عملی کی ضرورت ہے- اس موقع پر ڈائریکٹر آئی این ایل کی جانب سے ٹریننگ اور بہتر کارکردگی کے لئے خصوصی تربیتی کورسز کے انعقاد کی پیشکش کی گئی جس کا وزیر انسداد منشیات نے خیرمقدم کیا- انہوں نے ساتھ یہ بھی کہا کہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر تعاون منشیات کا مشترکہ مقابلہ کرنے کے لئے نہایت اہمیت کی حامل ہے- اداروں کی مظبوطی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید بہتری لا کر منشیات کے خاتمے کے عمل کو مزید موثر بنایا جا سکتا ہے- وفاقی وزیر انسداد منشیات اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ منشیات کے خاتمے کے لئے ہر ممکن حد تک تعاون کریں گے- ملاقات کا اختتام اس عہد کے ساتھ ہوا کہ آنے والے دنوں میں مشترکہ طور پر منشیات پر قابو پانے کے لئے ہر ممکن حد تک تعاون کریں گے- منشیات فروشی سے لے کر سمگلنگ تک تمام مسائل کے مکمل خاتمے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن