کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے ایک پالیسی فیصلہ کرتے ہوئے سندھ ایجوکیشن فانڈیشن (ایس ای ایف)کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی)موڈ کے تحت ایک ہزار اسکولوں کے قیام کی اجازت دیدی ہے تاکہ دولاکھ بچوں کو اسکولوں میں واپس لایا جاسکے، اس بات کا فیصلہ وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ایس ای ایف بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیر تعلیم سعید غنی ، چیف سیکرٹری ممتاز شاہ ، چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم ، وزیراعلی سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو ، صوبائی سیکرٹریز ، احمد بخش ناریجو ، حسن نقوی ، ایم ڈی ایس ای ایف قاضی کبیر ، ایس ای ایف ممبران ، قیصر بنگالی ، ڈاکٹر قاضی مسعود ،ڈاکٹر محمد میمن ، نذیر تنیو اور حسنین قمر شاہ نے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ایس ای ایف نے نجی شراکت داروں کے زیر انتظام 1000 اسکولوں کے قیام کا منصوبہ بنایا ہے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ان اسکولوں کو ایک خاص ٹاسک دیا جائے گا کہ وہ اسکول سے باہر2 لاکھ بچوں کو واپس اسکول لائیں گے۔ بورڈ ممبران نے تبادلہ خیال اور غور و خوض کے بعد اس تجویز کو منظور کرلیا۔ بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ سندھ میں میرٹ پر کیڈٹ کالجوں میں داخلہ حاصل کرنے والے سرکاری اسکولوں کے بہترین طلبا کواسکالرشپ پیش کریں۔ ایس ای ایف کی تعلیمی کونسل ہر کالج کے بہترین طلبا کا انتخاب کرے گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سندھ ایجوکیشن فانڈیشن سندھ رینجرز کے ساتھ مل کر اس کے تحت چلنے والے دور دراز علاقوں ،دیہاتوں بالخصوص سرحدی دیہاتوں کے 11 اسکولوں کو مالی اور تکنیکی مدد فراہم کررہی ہے۔ پاکستان نیوی اور پاک فضائیہ جیسے دیگر سرکاری ادارے بھی دشوار / حساس علاقوں میں اسکول چلا رہے ہیں جن کی مدد اور استحکام کے لئے مناسب تعاون کی ضرورت ہے۔ بورڈ نے مکمل غور و خوض کے بعد ایک مسابقتی بولی لگانے کے عمل کا سہارا لینے کے بجائے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرکے ایسے بچوں کو براہ راست ایس ای ایف کے تحت اسکول سبسڈی ماڈل کے تحت ایسے اسکولوں کو لینے کے لئے ایک علیحدہ طریقہ کار وضع کرنے کا فیصلہ کیا، سرکاری عمارتوں میں چلائے جانے والے اسکولوں کے لئے ، فانڈیشن کو ضرورت کے مطابق مالی مدد فراہم کرنے کی اجازت دی گئی جس کے لئے ایس ای ایف ایک پالیسی تیار کرے گی۔وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ میں بتایاگیاکہ بورڈ نے ایس ای ایف کے اسکولز میں بچوں پر دی جانے والی سبسڈی میں اضافے کا فیصلہ ہواہے اس وقت 700 روپے فی طلباء سبسڈی دی جاتی ہے اب یہ سبسڈی پر چائلڈ کلاس دوم کیلئے 800 روپے ، کلاس تیسری تا پانچویں کیلئے ایک ہزار کردی ہے، کلاس چھٹی تا کلاس آٹھویں کیلئے 1500 روپے، کلاس نویں تا دسویں کیلئے 2300 روپے مقرر کیئے گئے ہیںاس وقت ایس ای ایف کے اسکولز میں 4 لاکھ 75 ہزار بچے پڑھ رہے ہیںاوراسکولز سے باہر بچوں کو اسکولز میں لانا میری اولین ترجیح ہے۔