اسلام آباد ( سپیشل رپورٹ) سابق ممبر فیڈرل بورڈ آف ریونیو ممتاز ادیب اور دانشور راجہ اکرام اعظم گذشتہ روز انتقال کر گئے۔ راجہ اکرام اعظم مری سے سی ایس پی کے مقابلے کے امتحان میں کامیاب ہونیوالے پہلے نوجوان تھے۔ انھوں نے ساٹھ کی دہائی کے شروع میں سول سروس جوائن کی اور محکمہ انکم ٹیکس میں کمشنر ویلتھ ٹیکس اور ممبر سی بی آر ( فیڈرل بورڈ آف ریونیو) رہے۔ وہ نوے کی دہائی میں اکیس گریڈ میں ریٹائر ہوئے۔ ان کا تعلق مری کے موضع بن سے تھا۔ ان کے بڑے بھائی راجہ احسان اعظم ممتاز قانون دان تھے اور ان کی بڑی ہمشیرہ ڈاکٹر زہرا اعظم سر سید گرلز کالج راولپنڈی کی پرنسپل رہیں۔ راجہ اکرام اعظم ایک سے زائد کتابوں کے مصنف تھے جن میں مری کے پس منظر میں لکھی گئی شاعری کی کتاب ’’ویلی آف پائنز‘‘ ساٹھ کی دہائی میں شائع ہوئی۔ راجہ اکرام اعظم نے سٹریٹجک امور پر بھی انگریزی زبان میں کتابیں لکھیں۔ وہ انگریزی روزنامہ مسلم اور دی نیشن میں کالم بھی لکھتے رہے۔ انھوں نے اسلام آباد میں پاکستان فیوجرسٹک انسٹی ٹیوٹ کی بنیاد رکھی۔ انھوں نے امریکہ سے مستقبلیات ( فیوجسرسٹکٹس) میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ وہ ادبی تنظیم مارگلہ وائسز سے بھی وابستہ رہے۔ مرحوم کو گذشتہ روز ان کے عزیزوں اور مداحوں کی موجودگی میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ ان کی نماز جنازہ میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، سابق وزیراعلیٰ کے پی کے سردار مہتاب خان، سابق کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل (ر) انیس عباسی، سابق وفاقی سیکرٹری ظفیر عباسی، ریذیڈنٹ ایڈیٹر نوائے وقت جاوید صدیق اور کوئی سیاسی و ادبی شخصیات نے شرکت کی۔