رابطوں کے باوجود نواز شریف موقف سے پیچھے ہٹنے کیلئے تیار نہیں، شاہد خاقان عباسی کا دعویٰ

Jan 14, 2021

اسلام آباد (جاوید صدیق‘ وقائع نگار خصوصی) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نوازشریف سے لندن میں طویل ملاقات ہوئی ہے جس میں انہوں نے اپنے اس اصولی موقف کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان میں سویلین قیادت کی بالادستی کو تسلیم کیا جانا چاہیے اور کلیدی فیصلوں کا اختیار منتخب قیادت کے پاس ہونا چاہیے۔ گزشتہ روز لندن سے واپسی کے بعد نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نوازشریف نے پاکستان کی سیاست کے بارے میں جو موقف اختیار کیا ہے وہ اس پر کمپرومائیز کرنے کے لیے تیار نہیں۔ نوازشریف کہتے ہیں کہ مجھے بتایا جائے کہ میں کیا غلط بات کررہا ہوں کہ دنیا کی جمہوریتوں میں یہ اصول تسلیم شدہ نہیں ہے کہ جمہوری نظام میں لوگوں کی ووٹ سے منتخب ہونے والے نمائندوں کو حکومت چلانے اور ملک کی داخلہ اور خارجہ پالیسیوں کی تشکیل کا اختیار ہوتا ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے دعوی کیا ہے کہ سابق وزیراعظم سے اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے کئی پس پردہ کرداروں نے لندن میں رابطے کئے ہیں لیکن نوازشریف اپنے موقف سے پیچھے ہٹنے کے لیے تیار نہیں۔ شاہد خاقان عباسی نے بتایا کہ نوازشریف اس بارے میں کلیئر ہیں اور وہ کہتے ہیں کہ میں تین مرتبہ وزیراعظم رہا ہوں جس دوران میرا تجربہ یہ ہے کہ منتخب سویلین قیادت کے ہاتھ پاؤں باندھنے کی کوشش کی جاتی ہے جس کی وجہ سے سویلین قیادت ڈیلیور نہیں کر پاتی۔ شاہد خاقان عباسی نے نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کہتے ہیں کہ پاکستان کا مستقبل اس بات میں مضمرہے کہ یہاں ایک ایسا جمہوری نظام ہو جو آئین کے مطابق چلایا جائے اور جس میں کوئی مداخلت نہ ہو ملک اور قوم کے بارے میں فیصلے ان لوگوں کو کرنا چاہئیں جنہیں لوگوں نے اس مقصد کے لیے منتخب کیا ہے اگر اس اصول پر کمپرومائیز کیا گیا تو پاکستان کا مستقبل مزید تاریک ہو جائے گا۔ دوسری جانب شاہد خاقان عباسی لندن سے وطن واپس پہنچ گئے۔ ذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی غیر ملکی پرواز کے ذریعے لندن سے براستہ دبئی اسلام آباد ائیر پورٹ پہنچے۔ شاہد خاقان عباسی نے امریکہ سے واپسی پر 5 روز لندن میں قیام کیا اور پارٹی قائد نواز شریف سے ملاقات کی۔ تاہم  وہ میاں نواز  شریف سے ملاقات کی تصدیق  نہیں کر رہے۔ ذرائع کے مطابق  شاہد خاقان عباسی شہباز شریف اور مریم نواز کے لیے نواز شریف کا اہم پیغام بھی لا رہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ شاہد خاقان عباسی سینیٹ الیکشن اور پی ڈی ایم تحریک کی حکمت عملی کے متعلق مریم نواز اور شہباز شریف کے لیے نواز شریف کا پیغام بھی لائے ہیں، وہ رواں ہفتے یہ پیغام دونوں رہنماؤں کو پہنچا ئیں گے۔

مزیدخبریں