صوبائی وزیر انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین کا ارفعہ کریم کی برسی کے موقع پر ارفعہ کریم کی خدمات کو خراج تحسین

Jan 14, 2021 | 16:56

 صوبائی وزیر انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین نے کہاکہ ارفعہ کریم نے انتہائی چھوٹی عمر میں پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کیا جو کسی بھی پاکستانی طالبہ کے لیے باعث فخر ہے اور ہم آج بھی اپنی ہونہار بچی کو بھولے نہیں۔انہوں نے کہاکہ ارفعہ کریم جیسی بچیاں کسی بھی ملک کا سرمایہ ہوتی ہیں۔ہماری بد قسمتی ہے کہ ارفعہ نے محض 16سال کی عمر میں ہی دنیا چھوڑ دی مگر اپنی مختصر سے زندگی میں پاکستان کو ہربڑے فورم پر بڑے احسن انداز سے متعارف کرانے کے ساتھ دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت پہلو اجاگر کیا۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے سول سوسائٹی کے نمائندگان سے انسا نی حقوق کے کیمپ آفس میں ارفعہ کریم کی برسی کے موقع پر ارفعہ کریم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر انسانی حقوق نے مزید کہاکہ ارفعہ کریم وہ ذہین طالبہ تھیں جسکو بل گیٹس نے مائیکرو سافٹ کے ہیڈ کوارٹر میں خود مدعو کیا تھا جبکہ حکومت پاکستان نے اس ہونہار بچی کی خدمات کے باعث اُنہیں 2005میں صدارتی ایوارڈ سے بھی نوازا۔اعجاز عالم آگسٹین نے کہاکہ لڑکیوں کو ہر تشدد اور صنفی امتیاز سے بچانے کیلئے ٹھوس اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں جبکہ تعلیم کے ذریعے لڑکیوں کو باا عتماد بنا کر ہر ادا رے میں ان کی نمائندگی یقینی بنا ئی جا رہی ہے۔اعجاز عالم نے کہاکہ مختلف پیشوں اور سرکاری محکموں میں شمولیت اختیار کرنے والی خواتین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر اقدامات کیئے جا رہے ہیں تاہم پنجاب میں خواتین کے لئے ملازمتوں میں 15فیصد کوٹہ، عمر کی حد3 سال تک نرمی اور دیگر سہولیات یقینی بنائی جا رہی ہیں۔ صوبائی وزیر انسانی حقوق نے کہا کہ بااختیار لڑکیاں بااختیار خواتین بنتی ہیں جو اپنی اور اپنے کنبے کی بہتر دیکھ بھال کرسکتی ہیں تاہم ہم سب کو ایک ایسا موافق ماحول فراہم کرنا ہوگاجدھر خواتین اپنے آپ کو مکمل محفوظ تصور کریں اور پاکستان کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکیں۔

مزیدخبریں