براڈ شیٹ کے پاس دستیاب معلومات سے کیسے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے حکومت اسکاجائزہ لے رہی ہے:ہمایوں اخترخان

Jan 14, 2021 | 16:57

پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما وسابق وفاقی وزیر ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ حکومت اس بات کاجائزہ لے رہی ہے کہ براڈ شیٹ کے پاس پاکستانیوں کے بیرون ملک موجود اثاثوں کی دستیاب معلومات سے کیسے فائدہ اٹھایا جا سکتاہے،براڈشیٹ کے سی ای او کاوے موسوی کے مطابق پیپلز پارٹی اور(ن) لیگ کی جانب سے 200لوگوں کی فہرست میں سے بعض نام نکلوانے کی سرتوڑ کوششیں کی گئی ہیں۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ براڈ شیٹ کو28ملین ڈالرکی ادائیگی کسی فیس کی مدمیں نہیں کی گئی بلکہ یہ 2000ء میں طے پانے والے اس معاہدے کے نتیجے میں ہے جس کے تحت لکھاگیا تھاکہ براڈ شیٹ بیرون ملک پاکستانیوں کے جتنے اثاثے تلاش کرے گی اس کا20فیصداسے دیا جائے گا ۔ وزیر اعظم کی جانب سے اس معاملے کاہر پہلو سے جائزہ لینے کیلئے کمیٹی بھی تشکیل دیدی گئی ہے جوکوتاہی کے ذمہ داروںکے نام سامنے لائے گی۔ براڈشیٹ کے سی ای او کے دعوے کے مطابق بیرون ملک پاکستانیوں کے کئی سو ملین ڈالرزکے اثاثے پڑھے ہیں اور اس حوالے سے یقینا جائزہ لیاجارہا ہے کہ براڈ شیٹ کے پاس دستیاب معلومات اورثبوتوں سے کیسے فائدہ اٹھایاجا سکتا ہے ۔ ہمایوں اخترخان نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام سے ووٹ ہی کرپشن کے خلاف بھل صفائی کے لئے لے کر آئی ہے اور اس سے کیسے روگرانی کی جا سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انشا اللہ موجودہ حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ کرپشن کے بیج کو ہر سطح پر نا پید کر دیا جائے اوراس کے لئے عملی کاوشیں جاری ہیں۔

مزیدخبریں