اسلا م آبا د (خصوصی نامہ نگار) الیکشن کمشن میںچیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں اہم اجلاس ہوا ۔جس میں ممبران الیکشن کمشن کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمشن ودیگر سنیئر افسران نے شرکت کی۔ تفصیلا ت کے مطا بق اجلاس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور اووسیز ووٹنگ کے حوالے سے بنائی گئی تین کمیٹیوں نے اپنی رپورٹس الیکشن کمشن میں پیش کیں ۔مزیدالیکشن کمشن کو بتایاگیا کہ پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے قیام کی منظوری ہوگئی ہے اور اس سلسلے میں تین افسروں کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں۔ جس پر الیکشن کمشن نے رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کیااور فیصلہ کیا کہ پائلٹ پراجیکٹ کے لئے مشینوں کی خریداری کے لئےRFP اور ٹینڈرنگ پراسس کی تکمیل کو یقینی بنایا جائے او ر الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی خریداری سے متعلق تمام قواعد وضوابط و قوانین کو مد نظر رکھاجائے اور تمام پراسس و مراحل کو مد نظر رکھتے ہوئے مشین کی کوالٹی ، سکیورٹی اور رضداری کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے یہ عمل مکمل کیا جائے۔ مزید اس سلسلے میں الیکشن کمشن نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ اس سلسلے میں تمام سٹیک ہولڈر ز کے ساتھ مشاورت کا عمل شروع کیا جائے اور انہیں اعتماد میں لیا جائے۔ مزیدمشینوں کی پائلٹ ٹیسٹنگ بھی کی جائے گی۔ اووسیزووٹنگ کے حوالے سے کمیٹی نے الیکشن کمشن کومزید قانون سازی کی ضرورت کے ساتھ چار تجاویز پیش کیں جن میں انٹر نیٹ ووٹنگ، پوسٹل ووٹنگ، آن لائن ووٹنگ ان ایمبیسی،الیکٹرانک پوسٹل بیلٹ ووٹنگ کے ساتھ ساتھ اووسیز پاکستانیوں کے لئے علیحدہ الیکٹورل کالج اور ریزرو سیٹس کی تجویز بھی شامل ہے۔