حیدرآباد بھارت(اے پی پی)بھارتی ریاست تلنگانہ کے وزیر اعلی کے چندر شیکھر رائو نے نریندر مودی کی حکومت کے کھاد کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے زور دیاہے کہ وہ کسانوں کی زندگی اجیرن کرنے پر بی جے پی کی حکومت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق انہوں نے کہا کہ کھادوں کی قیمتوں میں اضافہ زرعی شعبے کو بحران میں ڈال دے گا اور ملک میں کاشتکاری کی ریڑھ کی ہڈی کو توڑ دے گا۔انہوں نے کہا کہ وہ نریندر مودی کو خط لکھ کر کھاد کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی حکومت دیہی معیشت، موروثی تجارت کو کمزور کر رہی ہے اور زرعی سیکٹر کو صرف کارپوریٹس کے حوالے کرنے کے لیے تباہی مچا رہی ہے۔