لاہور (نیوز رپورٹر) معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب حسان خاور نے کہا کہ نجی ہسپتالوں میں صحت کارڈ کے موثر نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ عام آدمی کو نجی ہسپتالوں سے علاج کی سہولت کسی انقلاب سے کم نہیں۔ ریاست مدینہ کا خواب بھی یہی تھا کہ عام آدمی کو بلاتفریق علاج معالجے کی سہولت میسر آئے۔ اس ضمن میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے 400 ارب کا پیکج بھی مختص کیا ہے۔ یہ ایسا اقدام ہے جو ماضی میں نہیں اٹھایا گیا۔ اس اقدام سے 3 کروڑ خاندان مستفید ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز الحمرا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا جا رہا ہے۔ ڈیمز، سڑکیں، صحت کارڈ، کسان کارڈ، آفٹر نون سکول پروگرام جیسے دیگر منصوبے اس امر کی گواہی دیتے ہیں کہ معیشت کو ٹھیک کرنے کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند سیاسی شعبدہ باز معاشی ڈاکٹروں کے روپ میں سامنے آکر نت نئے ٹوٹکے بتا رہے ہیں۔ ان ٹوٹکوں سے بچنا ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ آئی ایم ایف کے چنگل سے نکلنے کیلئے مشکل فیصلے کئے جا رہے ہیں۔ ہر سال قرضے کی مد میں ساڑھے 4 ارب کا نیٹ اضافہ ہوتا تھا۔ ہم اسے کم کر کے ڈھائی ارب ڈالر پر لے آئے ہیں۔ یہ ہے معیشت کی حقیقت جس سے اپوزیشن آنکھیں چرا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی شعبدہ باز غریب آدمی کی بات کرتے ہیں لیکن ٹی ٹیز کیس سے ان کی غریب آدمی سے ہمدردی واضح ہو جاتی ہے۔ بڑے بھائی کے آنے سے شہباز شریف کی پارٹی میں حیثیت ختم ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلاول اور مریم کی سیاست ہماری ملکی سیاست کا ایکسرے ہے۔ یہ امر موروثی سیاست کی نشاندہی کرتا ہے۔