متعدد وارداتیں‘ شہری لاکھوں روپے نقدی‘ زیورات اور قیمتی سامان سے محروم

لاہور (نامہ نگار) لاہور کے مختلف علاقوں میں ڈاکوؤں اور چوروں نے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں کو لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں سے محروم کر دیا۔ نواب ٹاؤن میں بنک سے 25 لاکھ روپے نکلوا کر آنے والے شہری عاطف سے ڈاکوؤں نے اس سے دفتر کے سامنے رقم لوٹ لی ہے۔ متاثرہ شہری عاطف کا کہنا ہے کہ برقعہ پوش خاتون بھی موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں کے ہمراہ تھی۔ رقم نکلوا کر دفتر کے باہر پہنچا تھا کہ ڈاکؤں نے اسے روک کر لوٹ لیا۔ اس دوران برقعہ پوش خاتون موٹر سائیکل سے اتر کر اطراف کا جائزہ لیتی رہی۔ ڈاکوؤں نے ڈیفنس سی کے علاقے میں مستقیم  کے گھر میں گھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر ساڑھے4لاکھ 70 ہزار روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان، کاہنہ میںمعظم سے ایک لاکھ روپے اور موبائل فون، شالیمار میں منور سے 75ہزار روپے اور موبائل فون، شادمان میںجاوید سے55ہزار نقدی اور موبائل فون، لیاقت آباد میں مزمل کی دکان میںگھس کر20ہزار روپے نقدی، شیرا کوٹ میں سعید سے18 ہزار روپے نقدی اور موبائل فون، نیوانارکلی  میں فاروق سے 9ہزار روپے نقدی اور موبائل فون لوٹ لیا ہے۔چوروں نے مانگا منڈی کے علاقے میں ایک گھر سے 4لاکھ روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات اور دیگر سامان چوری کر لیا ہے۔ چوروں نے ماڈل ٹاؤن اور لوئر مال کے علاقوں سے 2 کاریں، سندر کے علاقے سے رکشہ جبکہ گرین ٹاؤن، باغبانپورہ، اچھرہ، بھاٹی گیٹ، نواں کوٹ، کیولری گراؤنڈ اور گلبرگ کے علاقوں سے7 موٹر سائیکلیں چوری کر لیں۔ڈاکوؤں نے ٹاؤن شپ کے علاقے ریونیو سوسائٹی میں شان لطیف کے گھر میں گھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر 18لاکھ روپے مالیت کی نقدی اور طلائی زیورات لوٹ لئے اور فرار ہوگئے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن