پنجاب‘ خیبر پی کے میں دھند: فلائٹس آپریشن متاثر

Jan 14, 2022

لاہور/ سیالکوٹ (آئی این پی+ نامہ نگار) پنجاب اور خیبر پی کے کے مختلف علاقوں میں سردی بڑھنے سے دھند میں اضافہ ہوگیا حدنگاہ کم ہونے سے موٹروے کئی مقامات سے ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی۔ دھند کے باعث فلائٹس کا شیڈول بھی متاثر ہوا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبر پی کے‘ شمالی بلوچستان‘ کشمیر اور گلگت بلتستان شدید سردی کی لپیٹ میں رہے۔ گلگت بلتستان میں بارش اور پہاڑی پر برفباری کا امکان ہے۔ سیالکوٹ کے نامہ نگار کے مطابق شدید دھند کے باعث سیالکوٹ، لاہور موٹروے اور موٹروے ایم ٹو، تھری کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا تھا۔ موٹر وے حکام کے مطابق موٹروے کو شہریوں کی حفاظت کے پیش نظر بند کیا گیا جسے حد نگاہ بہتر ہونے پر کھول دیا جائے گا۔ موٹروے پولیس کی جانب سے شہریوں کو ٹریفک ایڈوائزی بھی جاری کی گئی کہ دھند کے موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور گاڑیوں میں فوگ لائٹس کااستعمال کریں جبکہ دھند کے کے دوران گاڑیوں میں درمیانی فاصلہ عام حالات کی نسبت زیادہ رکھیں اور سفر شروع کرنے سے پہلے موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 سے صورتحال بارے معلومات لیں۔ دریں اثناء شدید دھند کے باعث سیالکوٹ لاہور موٹروے اور موٹروے ایم ٹو‘ تھری کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔ موٹروے حکام کے مطابق موٹروے کو شہریوں کی حفاظت کے پیش نظر بند کیا گیا جسے حد نگاہ بہتر ہونے پر کھول دیا جائے گا۔

مزیدخبریں