لاہور(اسپورٹس رپورٹر )پی ایس ایل 7 اور سیزن 8 کیلیے پی ٹی وی اور اے آرر وائی کاجوائنٹ وینچر اسپورٹس مارکیٹنگ فرم نے رٹ پٹیشن فائل کردی۔پچھلے پی ایس ایل کے نشریاتی حقوق جیتنے والی اسپورٹس مارکیٹنگ فرم نے لاہور ہائیکورٹ میں رٹ پٹیشن فائل کرت ہوئے وزارت اطلاعات و نشریات، پی ٹی وی، اے آر وائی اور ڈائریکٹر اسپورٹس پی ٹی وی نعمان نیاز کو فریق بنایا ہے۔فرم نے عدالت سے استدعا کی کہ پی ٹی وی اور اے آر وائی کے جوائنٹ وینچر کو غیر قانونی قرار دیا جائے، یہ جوائنٹ وینچر غیرشفاف طریقے سے عمل میں آیا جس سے پی ٹی وی کو نقصان ہوا۔فرم نے درخواست میں لکھا کہ انہیں میڈیا کے ذریعے معلوم ہوا کہ جیو سوپر کے کیس میں پی ٹی وی نے عدالت میں دعویٰ کیا کہ جوائنٹ وینچر شفافیت سے کیا گیا جب کہ حقیقت حال یہ ہے کہ 10 اگست کے پیش کشوں کی طلبی کے اشتہار کے جواب میں جب اسپورٹس مارکیٹنگ فرم نے اپنی پیشکش پی ٹی وی کو دی تو جواب میں پی ٹی وی نے بتایا کہ یہ اشتہار آئی سی سی ایونٹ کے لیے ہے، پی ایس ایل 7 اور8 کے لیے نہیں لیکن پی ٹی وی کی 24 دسمبر کی پریس ریلیز سے پتا چلا کہ یہ جوائنٹ وینچر تو پی ایس ایل 7/8 کے لیے تھا۔اسپورٹس مارکیٹنگ فرم نے لکھا کہ پی ٹی وی اور اے آر وائی کا جوائنٹ وینچر قانون کی خلاف ورزی ہے، عوام سے بجلی کے بلوں کے ذریعے 35 روپے لائسنس فیس وصول کرنے والا پی ٹی وی ایسا کوئی قدم نہیں اٹھا سکتا جو کسی پرائیویٹ فریق کو فائدہ پہنچائے۔
پی ایس ایل نشریاتی حقوق، جوائنٹ وینچر عدالت میں چیلنج
Jan 14, 2022