لاہور(سٹی رپورٹر)صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے این اے 125کی یوسی 74ساندہ کے اہل علاقہ میں نیاپاکستان قومی صحت کارڈ تقسیم کردئیے۔اس موقع پر میاں ندیم،چوہدری عبدالغفورپپو،ذوالفقار علی اور رانا نسیم کے علاوہ اہل علاقہ کی کثیرتعدادنے شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے اہل علاقہ میں نیاپاکستان قومی صحت کارڈ تقسیم کرنے کے بعد میڈیاسے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے کارکن بن کرپاکستان کو فلاحی ریاست بنائیں گے۔وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کے تمام خاندانوں کو نیاپاکستان قومی صحت کارڈ کے ذریعے صحت کی شاندارسہولیات فراہم کردی ہیں۔عوام کی دہلیزپر جاکروزیراعظم عمران خان کا تحفہ نیاپاکستان قومی صحت کارڈ دے رہے ہیں۔پنجاب کے تمام خاندانوں کو نیاپاکستان قومی صحت کارڈ فراہم کرکے عمران خان نے اپنا وعدہ پوراکیاہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سب سے پہلے غربت کی لکیرسے نیچے بسنے والے30فیصدخاندانوں میں صحت کارڈ تقسیم کئے گئے۔عمران خان نے جنوری2021میں پنجاب کے تمام خاندانوں کو صحت کارڈ فراہم کرنے کی خوشخبری سنائی۔نادراکی جانب سے پنجاب کے 3کروڑخاندانوں کا ڈیٹا سامنے آیاہے۔پنجاب میں شناختی کارڈ کے بغیرکسی کوبھی نیاپاکستان قومی صحت کارڈ نہیں ملے گا۔نیاپاکستان قومی صحت کارڈ حاصل کرنے کیلئے ہرخاندان کاسربراہ اپنے آپ کو نادرامیں رجسٹرکروائے۔پنجاب کے ہرخاندان کو نیاپاکستان قومی صحت کارڈکے ذریعے سرکاری و نجی ہسپتالوں میں 10لاکھ روپے تک کے مفت علاج کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ خدانخواستہ اگرکسی گھرمیں بیماری آجائے تو وہ پریشان ہوجاتاہے۔عمران خان نے نیاپاکستان قومی صحت کارڈ دے کرپنجاب کی عوام کی یہ پریشانی دورکردی ہے۔پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں کے آؤٹ ڈورزمیں مریضوں کابالکل مفت علاج کیاجاتاہے۔ماضی کی کسی حکومت نے عوام کی بہتری کا نہیں سوچا۔پنجاب میں 23نئے سرکاری ہسپتال بنائے جارہے ہیں۔پنجاب میں 2023میں 11بڑے سرکاری ہسپتال مکمل ہوجائیں گے۔پنجاب کی آبادی کے لحاظ سے نیاپاکستان قومی صحت کارڈ کے ذریعے نجی ہسپتالوں میں ہزاروں بستروں میں اضافے کی کوشش کامیاب ہوئی ہے۔دسمبرمیں ایک نجی ہسپتال میں 500سے زائددل کے مریضوں کامفت علاج کیاگیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب کی عوام کو صحت کے شعبہ میں ہرسہولت فراہم کی جائے گی۔گنگارام ہسپتال لاہورمیں 600بستروں پر مشتمل مدراینڈ چائلڈ بلاک آخری مراحل میں ہے۔لاہورکے علاوہ دوسرے اضلاع میں سات مزیدمدراینڈ چائلڈ ہسپتال بنائے جارہے ہیں۔ڈی جی خان میں کارڈیالوجی کا نیاہسپتال بنارہے ہیں۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ میاں ندیم جیسے کارکنان عوام کی بھلائی کا سوچتے ہیں۔عوام کی خدمت کرنے پر اللہ پاک ضروراجردیتاہے۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد کے صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ مری واقعہ انتہائی دلخراش ہے۔مری واقعہ پر ہر آنکھ اشک بارہے۔وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدارنے مری واقعہ کی باقاعدہ تحقیقات کا حکم دے رکھاہے۔تحقیقات میں قصوروارثابت ہونے پر ذمہ داران کے خلا ف کارروائی ضرورہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ادویات کی لوکل پرچیزبارے تحقیقات جاری ہیں۔محکمہ صحت نے رواں سال جنوری میں ہی ادویات کی خریداری کا آرڈردے دیاہے۔سروسزہسپتال اور جنرل ہسپتال میں کسی مریض کو علاج میں مشکل پیش نہیں آرہی۔پنجاب کے مہنگے ہسپتال اب عوام کی پہنچ میں ہیں۔