لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار محکمہ جیل خانہ جات میں انقلابی اقدامات کے بانی ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے پرزنز ڈیپارٹمنٹ کیلئے انقلابی اقدامات تاقیامت یاد رکھے جائیں گے۔ گزشتہ حکومتوں نے 70 سال سے محکمہ جیل خانہ جات سے لاوارثوں جیسا سلوک کیا لیکن سردار عثمان بزدار کی قیادت میں جیل ملازمین اور قیدیوں کی فلاح و بہبود کا سفر پوری تندہی سے جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار فیاض الحسن چوہان نے ایک اعلیٰ سطحی محکمانہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جیل ملازمین کی چھٹیوں کے نام پر رشوت ستانی ناقابل برداشت ہے۔ قوائد و ضوابط کے مطابق چھٹیوں میں رکاوٹ پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔ آئی جی جیل خانہ جات پنجاب مرزا شاہد سلیم بیگ کو اس ضمن میں فوری نوٹیفیکیشن جاری کرنے اور محکمہ کے تمام ملازمین تک پہنچانے کی خصوصی ہدایت کی۔ پنجاب پرزنز فاؤنڈیشن کی جانب سے اب تک 514 حوالاتیوں کو متعلقہ بارز کے تعاون سے مفت قانونی امداد دی جا چکی ہے۔تمام جیلوں میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر سہولیاتی ڈیسک بھی قائم کیے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب محکمہ جیل میںانقلابی اقدامات کے بانی ہیں: فیاض الحسن
Jan 14, 2022