لاہور(سپورٹس رپورٹر) لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے پی ایس ایل کے ترانے کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب ایسی تشہیری مہم کی ضرورت نہیں ہے۔پی ایس ایل کے آغاز میں ایونٹ کی تشہیر کیلئے ترانہ ضروری تھا، لیکن اب پی ایس ایل میں لوگ بابر اعظم، شاہین آفریدی سمیت کرکٹرز کو ایکشن میں دیکھنا چاہتے ہیں، کرکٹرز سے بڑا کوئی سٹار نہیں۔ جس طرح کا ترانہ گزشتہ برس بنا اس سے کیا تشہیر ہوئی، اس لیے میرے خیال میں ترانہ بنا کر پیسہ ضائع نہیں کرنا چاہیے۔، پی ایس ایل کا ایک ہی ترانہ رہنا چاہیے، ہم نے بھی کئی ترانے بنائے لیکن جو پہلے مقبول ہوا اس جیسا کوئی دوسرا مقبول نہیں ہوا، اس لیے جو ترانہ مقبول ہو اسے رہنے دینا چاہیے۔عاقب جاوید نے رمیز راجہ کی چار ملکی کرکٹ سیریز کرانے کی تجویز کو اچھا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب سے وہ چیئرمین بنے ہیں انہوں نے کئی اچھی چیزیں کی ہیں اور کئی اچھی تجاویز بھی دی ہیں۔ رمیز راجہ نے ٹیم کو اعتماد دیا، ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں سب نے ٹیم کو دیکھا کہ وہ اچھا کھیلی، انفرادی کارکردگی بھی کھلاڑیوں کی اچھی رہی ہے، ٹیم پر اعتماد کیا اور ٹیم نے رسپانس اچھا کیا اور اب چیئرمین پراعتماد ہو کر آگے بڑھ رہے ہیں۔ انگلینڈ، آسٹریلیا، بھارت اور پاکستان کو آپس میں کھیلنا چاہیے اور پاکستان میں بھی ٹیمیں آنی چاہیے، لیکن میرے خیال میں چار ملکی سیریز سے بڑھ کر اب پاکستان بھارت میچز کی شروعات کرنی چاہیے، اس حوالے سے بھی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔پاکستان بھارت باہمی سیریز یورپ یا امریکہ میں کرانے کی طرف بڑھنا چاہیے۔آف سیزن میں ٹریننگ جبکہ ایونٹ سے پہلے پریکٹس میچز کا ہی فائدہ ہوتا ہے ، ان سے اندازہ ہوتا ہے کہ کونسا کھلاڑی کس پوزیشن پر بہتر ہے ، کونسا بولر فارم میں ہے۔ شاہین شاہ آفریدی بڑے متحرک ہیں ، وہی چاہتے تھے کہ جلد کیمپ لگے انہیں کھلاڑیوں کو دیکھنا اور جاننا ہے ، جس ٹیم کا کپتان پرجوش ہو اسی کو فائدہ ہوتا ہے۔ شاہین شاہ جارح مزاج بائولر ہیں ، وہ کپتانی بھی ایسی ہی کریں گے اور کامیاب ہوں گے۔ لاہور قلندرز کے غیر ملکی کھلاڑی بھی جلد پاکستان پہنچ کر دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ ٹریننگ کرنے کے خواہشمند ہیں۔
عاقب جاوید نے پی ایس ایل ترانہ غیر ضروری قرار دے دیا
Jan 14, 2022