بغداد میں امریکی سفارت خانہ پر راکٹوں سے حملہ، ایک لڑکی اور خاتون زخمی

تین میزائل امریکی سفارتخانے کے احاطے میں گرے، ایک راکٹ قریبی اقامتی کمپلیکس میں ایک اسکول پر گرا

عراق کے دارالحکومت بغداد کے انتہائی سکیورٹی والے علاقے گرین زون میں واقع امریکی سفارت خانے پر چار راکٹ داغے گئے ۔اس علاقے میں سفارتی مشن اور عراق کی حکومت اور پارلیمان کے دفاتر واقع ہیں۔دو عراقی حکام نے بتایا کہ تین میزائل امریکی سفارت خانے کے احاطے میں گرے ہیں اور ایک راکٹ قریبی اقامتی کمپلیکس میں واقع ایک اسکول پر گرا ہے۔عراقی فوج نے الگ سے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس راکٹ حملے میں ایک لڑکی اور ایک خاتون زخمی ہوئی ہے۔بیان میں مزید تفصیل فراہم کیے گئے بغیر کہا گیا ہے کہ راکٹ بغداد کے محلے الدورہ سے داغے گئے تھے۔عینی شاہدین نے بتایا کہ انھوں نے حملے کے دوران سفارت خانے کے سی ریم دفاعی نظام کی آواز سنی تھی۔اس نظام کے ذریعے آنے والے راکٹوں، توپ خانے اور مارٹر گولے کا پتا لگایا جاتا اورانھیں تباہ کیا جاسکتا ہے۔یہ نیا حملہ عراق میں امریکا اوراس کی تنصیبات پر راکٹ اور ڈرون حملوں کے سلسلے ہی کی کڑی ہے۔نئے سال کے آغاز سے عراق میں امریکی فوجیوں اور ان کی تنصیبات کو متعدد راکٹ اور ڈرون حملوں میں نشانہ بنایا جاچکاہے۔یہ حملے جنوری 2020 میں بغداد کے ہوائی اڈے کے نزدیک امریکا کے میزائل حملے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی اورعراقی ملیشیا کمانڈر ابومہدی المہندس کی ہلاکت کی دوسری برسی کے موقع پر کیے گئے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن