لاہور(خصوصی نامہ نگار)دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ سیدناصدیق اکبرؓ کی زندگی انسانیت کیلئے مشعلِ راہ ہے۔ آپ کا طرز حکمرانی دنیا کے تمام حکمرانوں کیلئے رول ماڈل ہے۔ آپؓ نے اسلام کی ابتدا سے اپنی وصال تک اسلام کی سربلندی کیلئے حضور کا بھرپور ساتھ دیا۔ ساری زندگی مشکل اور کٹھن حالات میں آپؓ نے اسلام اور مسلمانوں کی کھل کر مالی مدد کی۔ دور حاضر میں جذبۂ صدیقی کو پروان چڑھانے کی ضرورت ہے۔ سیدنا صدیق اکبرؓ نے اپنے دور خلافت میں بہت سارے چیلنجز کا غیرت ایمانی کے ساتھ مقابلہ کیا اور انتہائی دانشمندی کے ساتھ اٹھنے والے فتنوں کی سرکوبی کی اور حضور کی ختم نبوت پر حملہ کرنے والے جھوٹے مدعیان نبوت کے خلاف اعلان جنگ کرکے انہیں جہنم واصل کیا اور منکرین زکوٰۃ اور منافقوں کے ساتھ جہاد کر کے رہتی دنیا تک ایک مثال قائم کر دی۔