عدل و انصاف کے قومی اداروں کو باوقار ، مضبوط دیکھناچاہتے ہیں:اعظم سواتی


لاہور(خصوصی نامہ نگار)تحریک انصاف کے مرکزی رہنما سینیٹر اعظم سواتی نے پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور موجودہ سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ اعظم سواتی نے کہا کہ عدل و انصاف کے قومی اداروں کو باوقار اور مضبوط دیکھناچاہتے ہیں تاکہ کوئی طاقت اور دولت کے بل بوتے پر بنیادی انسانی حقوق ،آئین و قوانین اور اخلاقیات کو پامال نہ کر سکے۔ پاکستان میں جمہوریت ہے اور نہ کوئی عدل و انصاف کا نظام ،سانحہ ماڈل ٹائون اس کی ایک جیتی جاگتی تصویر ہے۔ اس نظام میں بنیادی انسانی حقوق اور چادر اور دیواری غیر محفوظ ہے۔ سانحہ ماڈل ٹائون کے انصاف کیلئے آوازاٹھاتے رہیں گے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اس نظام کو ترقی کا سب سے بڑا دشمن قرار دیا اور اس کیلئے جدوجہد کی۔ عوامی تحریک کے کارکنوں نے اس ظالم نظام سے لڑتے ہوئے جانیں دیں اور پچھلے 8سال سے جھوٹے مقدمے بھگت رہے ہیں مگر آج بھی ہمارا یہی موقف ہے کہ اس نظام کے ہوتے ہوئے کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ اس نظام نے مافیاز کو اتنا مضبوط کر دیا ہے کہ وہ خود کو احتساب سے بالاتر سمجھتے ہیں۔ 

ای پیپر دی نیشن