کراچی (نیوز رپورٹر )دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن و نگران کراچی مشاور ت حاجی محمد امین عطاری نے کہا ہے کہ اللہ پاک توبہ واستغفار کرنے کی برکت سے رزق میں وسعت عطا فرماتا ہے ،اللہ پاک نے قرآن کریم میں ہمیں حکم فرمایا ہے کہ ہم توبہ کریں ،گناہوں سے بچیں تو اللہ ہمیں رزق میں وسعت عطا فرمائے گا اگر کوئی اس پر اعتماد نہ کرے اور رزق میں اضافے کیلئے غلط راہیں اختیار کرے یعنی مسلمانوں کو دھوکہ دے ،ناپ تول میں خیانت کرے ،ناحق سوال کا دروازہ خود پر کھولے ،سودی لین دین کیطرف ہاتھ بڑھائے تو اس جیسا نادان کون ہوگا ، یاد رکھیں حرام مال کمانے سے مال بڑھتا نہیں بلکہ وبال جان بنتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میمن نگر میں دعوت اسلامی کے اجتماع سے بیان کرتے ہوئے کیا۔ رکن شوریٰ نے کہا کہ استغفار کی برکت سے واقعی تنگدستی دور ہوتی ہے ،محتاجی اور مفلسی سے نجات ملتی ہے جس نے اپنے اوپر استغفار کو لازم کرلیا تو اللہ اس کی ہر پریشانی دور اور ہر تنگی سے راحت عطا فرمائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تقویٰ اختیار کرنے سے بھی اللہ پاک رزق میں اضافہ فرماتا ہے ،جو تقویٰ اختیار کرتا ہے تو پروردگار اسے ایسی جگہ سے رزق عطا فرماتا ہے جہاں اس کا گمان بھی نہ ہو، اپنا دل عبادت واطاعت کیلئے خالی رکھیں ،ہاتھ کام کی طرف اور دل رب کائنات کی طرف رکھیں اس کی برکت سے اللہ غربت ،محتاجی دور فرمادے گا۔