گگو منڈی: منظور شدہ دکانوں پر سستا آٹا لینے کیلئے 500 کی خریداری کی شرط 

Jan 14, 2023


گگو منڈی (نامہ نگار)گگو منڈی میں آٹا اور گندم نایاب ہو گئی۔ پنجاب حکومت کی طرف سے سستا منظور شدہ دکانوں پر آٹے کے تھیلے کے ساتھ پانچ سو روپے کی دیگر اشیاء کی خریداری کی شرط لگا دی گئی۔ پنجاب کے دیگر شہروں اور قصبات کی طرح گگو منڈی میں بھی آٹے کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے اور مردو خواتین آٹے کے حصول کے لیے مارے مارے پھرتے ہیں۔ خصوصاً محنت کش طبقہ سخت پریشان ہے۔ حکومت  نے سستے آٹے کے سیل پوائنٹس قائم کیے  لیکن  بعض لالچی دکانداروں نے آ ٹے کے تھیلے کے ساتھ پانچ سو روپے کی دیگر اشیائے  ضرورت کی خریداری کی شرط لگا دی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ  دکانداروں نے  شرط لگا کر آٹے کی خرید ناممکن بنا دی ہے اور ہمارے گھروں میں فاقے ہونے لگے ہیں۔ جبکہ گندم بھی پانچ ہزار روپے فی من تک پہنچ گئی ہے۔ عوام نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ہماری مشکلات کا احساس کیا جائے  اور آ ٹا سپلائی نہ کرنے والی فلور ملز کو گندم کا سرکاری کوٹہ بند کیا جائے۔

مزیدخبریں