کراچی (نیوز رپورٹر) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ کراچی کو برتھ ڈے کیک کی طرح آپس میں بانٹ کر کھانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ کراچی کے عوام کے سوا کسی کا راج قبول نہیں کیا جائے گا۔ بلدیاتی انتخابات بے مقصدیت کی بنیاد پر نہ کرائے جائیں۔ کورٹ کے حکم کے تحت زبردستی بلدیاتی انتخابات کے بعد اگر عوام کو فائدہ حاصل نہیں ہوگا تو اربوں روپے اس کام میں برباد نہ کئے جائیں۔بار بار بلدیاتی انتخابات کی تاریخ میں تبدیلی اور غیر متوازن حلقہ بندی قومی اور صوبائی حکومتوں کی بد نیتی کا ثبوت ہے۔ بلدیہ کا اصل مقصد گراس روٹ لیول پر عوام کے لئے کام کرنا ہے۔ انتخابات کے عمل کو اتنا پیچیدہ اور مہنگا بنا دیا گیا ہے کہ عام آدمی کے لئے الیکشن میں حصہ لینا ناممکن ہے۔ پاسبان اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے پی ڈی پی کے چیئرمین الطاف شکور نے مزید کہا کہ بلدیاتی اداروں کو ان کے اختیارات واپس کئے بغیر بلدیاتی انتخابات کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ پانی، سیوریج، بجلی،پولیس ، سڑکوں کی تعمیرات، صحت، تعلیم و دیگر بلدیاتی امور کے اختیارات میئر کو واپس کئے جائیں۔کراچی کو اپنے حقوق چاہئیں اور اب وقت آگیا ہے کہ کراچی کی تین کروڑ آبادی کوتسلیم کر کے اسے تمام حقوق دیئے جائیں۔ پاسبان کراچی سمیت ملک بھر کے ہر مظلوم انسان اور ہر پسے ہوئے طبقہ کے حقوق کے حصول کی جنگ لڑ نے کے لئے میدان عمل میں آگئی ہے۔سیاسی جماعتیں چند وزارتوں، چند مفادات کے لئے حکومت سے جڑ بھی جاتی ہیں اور الگ بھی ہو جاتی ہیں۔ پاسبان اقتدار میں آکر خدمت کی سیاست کی بنیاد رکھے گی۔
بلدیاتی انتخابات با مقصد، ثمر عوام کو ملنا چاہئے ، الطاف شکور
Jan 14, 2023