اسلا م آباد (خصوصی نامہ نگار) امر یکہ میں پا کستانی سفیر مسعود خان نے مائیکروسافٹ ہیڈ کوارٹر کے دورے پر کہا ہے کہ پاکستان اور امریکی ریاست واشنگٹن کے درمیان مضبوط و بہتر معاشی تعلقات کے خواہاں ہیں۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان کی ریاست واشنگٹن کے لیفٹیننٹ گورنر ڈینی ہیک سے ملاقات ہوئی ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر ڈینی ہیک نے سٹیٹ کیپیٹل بلڈنگ اولمپیا میں پاکستانی سفیر کا استقبال کیا۔ پاکستانی سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے ڈینی ہیک نے کہا کہ پاکستان امریکہ کا اہم اتحادی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں۔ ڈینی ہیک نے کہا کہ ریاست واشنگٹن تجارت پر چلنے والی معیشت ہے اور پاکستان اور ریاست واشنگٹن کے درمیان مضبوط شراکت داری پاک امریکہ دو طرفہ تجارتی حجم کو کئی گنا بڑھانے میں مددگار ثابت ہو گی۔ پرتپاک استقبال پر ریاست واشنگٹن کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سفیر مسعود خان نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات منفرد نوعیت کے ہیں جو وقت کی کسوٹی پر پورا اترتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ گذشتہ 75 سالوں سے پاکستان کا سب سے بڑا ترقیاتی شراکت دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مشترکہ اقدار اور مقاصد تمام شعبہ جات میں مضبوط شراکت قائم کرنے اور علاقائی اور عالمی امن اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ پاکستان میں حالیہ سیلاب اور امریکہ کی طرف سے فراہم کی گئی فراخدلانہ امداد کا حوالہ دیتے ہوئے، خصوصاً جنیوا میں حال ہی میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس کے دوران اضافی 100 ملین ڈالر کی اضافی امداد فراہم کرنے پر سفیر پاکستان نے امریکہ اور اس کے شہریوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکومت اور عوام مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر ڈینی ہیک نے سفیر کو یقین دلایا کہ وہ پاکستان میں کاروباری مواقع تلاش کرنے کے حوالے سے امریکی ریاست واشنگٹن کے سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کی حوصلہ افزائی کرتے رہیں گے۔ سفیر مسعود خان نے لیفٹیننٹ گورنر ڈینی ہیک کو قانون سازوں، اسمبلی کے نمائندگان اور کاروباری شخصیات کے ساتھ پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی جسے انہوں نے بخوشی قبول کر لیا۔ قبل ازیں مسعود خان نے مائیکروسافٹ ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور نائب صدر، سی او او اور چیف ٹیکنیکل ایڈوائزر سی ٹی او فاطمہ کاردار اور مائیکرو سافٹ میں کام کرنے والے دیگر پاکستانی نژاد امریکی ایگزیکٹوز نے سفیر پاکستان کا استقبال کیا۔ سفیر کو بتایا گیا کہ تقریباً 500 پاکستانی مائیکرو سافٹ میں کام کر رہے ہیں اور پاکستان میں مائیکروسافٹ ڈویلپمنٹ سینٹر کے قیام کے لئے کوشاں ہیں۔
امریکہ پاکستان کا سب سے بڑا ترقیاتی شراکت دار،تعلقات وقت کی کسو ٹی پر پورا اترتے:مسعود خان
Jan 14, 2023