کراچی (اسٹاف رپورٹر)اللہ اکبر تحریک سندھ کے صدر فیصل ندیم نے کہا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد مسکین شہر بن چکے ہیں۔پاکستان کو وسائل فراہم کرنے والے شہروں کا کوئی والی وارث نہیں ۔ عوام شہروں کی تباہی کے ذمہ داران کو پہچانیں اور ان کا احتساب کریں ۔احتساب کا بہترین طریقہ ووٹ کی پرچی کا درست استعمال کرکے انہیں بری طرح دھتکارنا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلشن اقبال میں ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ فیصل ندیم کا کہنا تھاکہ عوام کے حقوق دلانے کا دعوی کرنے والے اقتدار میں آکر خود لٹیرے بن جاتے ہیں ۔ یہی وہ لٹیرے ہیں جو سندھ کے شہری دیہی علاقوں کو لوٹ کر کھاگئے۔ سندھ بطور خاص کراچی اور حیدرآباد کے عوام ان لٹیروں کو پہچانیں اور ان کے شر سے خود کو اور اپنے شہروں کو بچانے کیلئے متحد ہوجائیں۔اس موقع پر کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان کا کہنا تھا کہ کراچی کو برباد کرنے والے اپنے احتساب سے خوفذدہ ہیں ۔اور الیکشن ملتوی کرانے کی سازشوں میں مصروف ہیں ۔کئی سالوں سے کراچی کو نظر انداز کیا گیا ہے ۔کراچی پر قابض سیاسی جماعتوں نے سوتیلی ماں سے بھی زیادہ بدتر سلوک کیا ہے ۔تاہم کراچی کی محرومیوں کا ازالہ کیا جانا چاہیے۔ اللہ اکبر تحریک شہر قائد کو ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بنائے گی ۔اور تعمیر و ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرے گی۔کراچی کے عوام کرسی کے نشان پر مہر لگا کرحقیقی خدمت گزارامیدواروں کو منتخب کریں ۔ تاکہ حقیقی قیادت سامنے آسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کراچی کو اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے۔